رام اللہ – فلسطین کی وزارت تعلیم اور اعلیٰ تعلیم نے اطلاع دی ہے کہ 7 اکتوبر 2023ء کو غزہ کی پٹی اور مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیلی جارحیت کے آغاز سے اب تک 13,177 طلباء شہید اور 21,991 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔وزارت تعلیم نے منگل کے روز ایک بیان میں وضاحت کی ہے کہ غزہ کی پٹی میں تباہی کی جنگ کے آغاز سے اب تک شہید ہونے والے طلباء کی تعداد 13,054 سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ 21,320 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔یروشلم سمیت مقبوضہ مغربی کنارے میں 123 طلباء شہید، 671 زخمی اور 560 کو گرفتار کیا گیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں 657 اساتذہ اور منتظمین شہید اور 3,904 زخمی ہوئے اور مغربی کنارے میں 165 سے زائد کو گرفتار کیا گیا۔
وزارت تعلیم نے تعلیم کے شعبے کے بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کے بارے میں بتایا کہ صہیونی فوج نے 324 سرکاری سکول، یونیورسٹیاں اور ان کی عمارتیں اور 65 اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین ’انروا‘ سے وابستہ سکولوں کو مکمل طور پر تباہ کردیا۔
غزہ پر تباہی کی جنگ کے آغاز کے بعد سے قابض نے 788 ہزار سے زائد طلباء کو اپنے سکولوں اور یونیورسٹیوں میں جانے سے روک دیا ہے، جب کہ زیادہ تر طلباء نفسیاتی صدمے کا شکار ہیں اور انہیں صحت اور زندگی کی خراب صورتحال کا سامنا ہے۔(سورس مرکز اطلاعات فلسطین)