نئی دہلی (ایجنسی)
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا سے ہونے والی اموات کے حوالے سے رپورٹ جاری کر دی ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے اس رپورٹ میں کہا ہے کہ بھارت میں کورونا کی وجہ سے 47 لاکھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ڈبلیو ایچ او نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا بھر میں سال 2020-2021 میں کورونا کی وجہ سے ایک کروڑ 49 لاکھ سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ ہندوستان کی تعداد پوری دنیا میں ہونے والی اموات کا ایک تہائی ہے۔ حکومت ہند نے ڈبلیو ایچ او کی اس رپورٹ پر اعتراض کیا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے اعداد و شمار پر سوال اٹھاتے ہوئے انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) نے کہا کہ کورونا وائرس کے انفیکشن سے ہونے والی موت کی تعریف کیا ہے؟ آئی سی ایم آر کے ڈائریکٹر جنرل بلرام بھارگوا نے کہا کہ جب لوگ کورونا کی وجہ سے مر رہے تھے، ہمارے پاس ایسی موت کی کوئی تعریف نہیں تھی۔ یہاں تک کہ ڈبلیو ایچ او کے پاس بھی کوئی تعریف نہیں تھی۔
آئی سی ایم آر کے ڈی جی نے ڈبلیو ایچ او کے دعوے پر کہا کہ اگر کوئی آج مثبت پایا جاتا ہے اور دو ہفتے، دو ماہ یا چھ ماہ بعد مر جاتا ہے تو کیا اسے کورونا کی وجہ سے موت سمجھا جائے گا؟
اس کے ساتھ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اس کے لیے تمام اعداد و شمار کو دیکھا اور اس نتیجے پر پہنچے کہ کورونا مثبت ہونے کے بعد ہونے والی 95 فیصد اموات پہلے 4 ہفتوں کے دوران ہوئیں۔ اس لیے کورونا موت کی تعریف کے لیے 30 دن کا کٹ آف رکھا گیا ہے۔
حکومت ہند نے اعتراض اٹھایا
اس کے ساتھ ہی حکومت ہند نے ڈبلیو ایچ او کے اس جائزے کے طریقہ کار پر سوالات اٹھائے ہیں۔ حکومت نے کہا ہے کہ ہندوستان نے بھی اس تشخیصی عمل پر اعتراض کیا تھا۔ اس کے باوجود اموات کی شرح کا تخمینہ جاری کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ڈبلیو ایچ او نے ایکسس دیتھ کے اعداد و شمار کے مطابق یہ تجزیہ کیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ عام طور سے جتنی موتیں ہوتی تھیں ، ان سے کتنی زیادہ لوگوں کی جان گئی۔ اس حساب سے اندازہ لگایا گیا ہے کہ وبا کی وجہ سے کتنے لوگوں کی جان گئی ہوگی۔
دنیا بھر میں 1.49 کروڑ لوگ لقمہ اجل بنے
ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر کے تمام ممالک کی جانب سے دیے گئے اعدادوشمار کے مطابق سال 2020-2021 میں کورونا سے ایک کروڑ 49 لاکھ مزید اموات ہوئی ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ 84 فیصد اموات صرف جنوب مشرقی ایشیا، یورپ اور امریکہ میں ہوئی ہیں۔
دوسری جانب ملک میں ہلاکت خیز عالمی وبا کورونا وائرس نے ایک بار پھر زور پکڑ لیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں اس وبا کے مزید 3,545 نئے کیسز درج کیے گئے ہیں، جس سے کیسز کی مجموعی تعداد 4 کروڑ 30 لاکھ 94 ہزار 938 ہو گئی ہے۔
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 27 افراد جاں بحق ہوئے جس سے اب تک کورونا سے جنگ ہارنے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 24 ہزار 2 ہوگئی ہے۔ مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود نے جمعہ کو کہا کہ ملک میں ایک ارب 89 کروڑ 81 لاکھ 52 ہزار 695 افراد کوکووڈ ویکسین لگائی جاچکی ہے۔ اس وقت ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی شرح 0.05 فیصد، صحت یابی کی شرح 98.74 فیصد اور اموات کی شرح 1.22 فیصد ہے۔
جمعرات کو ملک میں 3,549 افراد کورونا سے صحت یاب ہوئے ہیں جس سے یہ تعداد بڑھ کر چار کروڑ 25 لاکھ 51 ہزار 248 ہو چکی ہے۔