کولکاتا:(ایجنسی)
مغربی بنگال میں سیاسی کارکنان کے قتل کا سلسلہ جاری ہے ۔ حالیہ واقعہ بیربھوم ضلع میں پیش آیا ہے ۔ یہاں رامپور ہاٹ کے باگوتی گاؤں میں پنچایت کے نائب پردھان بھادو شیخ کے قتل کے بعد ان کے حامیوں نے کئی گھروں کو آگ کے حوالے کردیا ۔ اس واقعہ میں آٹھ لوگ زندہ جل گئے ۔
ٹائمس آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق بھادو شیخ باروسل گاؤں کی پنچایت کے ڈپٹی پردھان تھے ۔ قومی شاہرہ نمبر 60 پر ان کی دکان ہے ۔ وہیں دو دن پہلے جب وہ بیٹھے ہوئے تھے تو ان پر بم سے حملہ کیا گیا تھا ۔ زخمی حالت میں انہیں اسپتال لے جایا گیا ، لیکن بچایا نہیں جاسکا ۔ اس کے بعد ان کے حامی مشتعل ہوگئے اور انہوں نے باگوتی گاؤں میں آتش زنی کردی ۔ انہیں شک تھا کہ ممکنہ طور پر بھادو شیخ پر اسی گاؤں کے لوگوں نے حملہ کیا تھا ۔
پولیس کے مطابق آتش زنی کی واردات پیر رات کو ہوئی۔ بھیڑ نے تقریباً ایک درجن گھروں کو آگ کے حوالے کردیا ۔ اتنا ہی نہیں کسی نے آتش زنی کی اطلاع جب فائربریگیڈ محکمہ کو دی تو بھیڑ نے آگ بجھانے والی گاڑیوں کو بھی جائے واقعہ تک پہنچنے نہیں دیا۔ تاہم بعد میں بڑی مشکل سے حالات پر قابو پایا جاسکا اور آٹھ لوگوں کی لاشیں برآمد کی گئیں ۔ ان میں سے سات لاشیں تو ایک ہی گھر سے ملی ہیں ۔ مرنے والوں کی تعداد ابھی اور بھی بڑھ سکتی ہے ۔
پولیس نے بتایا کہ اب تک بھادو شیخ کے قتل کے معاملہ میں ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے ۔ اس سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے ۔ دیگر مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے ۔ آتش زنی کی واردات کا بھی معاملہ کرلیا گیا ہے ۔ جانچ اور ملزمین کی تلاش جاری ہے ۔