نئی دہلی : (ایجنسی)
مرکزی سرکارکے اسپتالوں میں اب مریضوں کو اتوار کے دن بھی او پی ڈی کی سہولت میسر ہوگی۔اس کی شروعات 10 اکتوبر (آج) سے ہوگئی ہے ۔ مریض ضرورت پڑنے پر اتوار کو ہی لیب میں جانچ بھی کروا سکیں گے ، حالانکہ اتوار کو او پی ڈی شروع کئے جانے کو لے کر ڈاکٹروں کی ریذیڈنٹ ڈاکٹر مخالفت کررہے ہیں ۔
صفدر جنگ اسپتال میں اتوار کو آٹھ شعبوں کی او پی ڈی لگے گی۔ ان میں میڈیسن، جنرل سرجری، پیڈیاٹرکس ، زچگی اور امراض خواتین ، ہڈی، آنکھ ، ای این ٹی اور یورو لوجی محکمے شامل ہیں۔ ابھی یہ او پی ڈی ٹرائل کے طور پر اتوار کو شروع کی جاری ہے ۔ او پی ڈی کے لیے صبح آٹھ سے لے کر ساڑھے 11 بجے تک رجسٹریشن ہوگا ۔
صفدرجنگ اسپتال میں مریضوں کو او پی ڈی بلڈنگ میں دوا کی سہولت بھی ملے گی ، ساتھ ہی نیو ایمرجنسی بلاک میں ضرورت پڑنے پر ضروری جانچ بھی کی جائے گی۔ اتوار کو صفدر جنگ اسپتال میں بزرگوں کے لیے پہلے سے اسپیشل کلینک بھی چلتاہے ۔
آر ایم ایل اسپتال میں بھی اتوار کو او پی ڈی شروع کرنے کو لے کر سرکلر جاری کیا گیاہے ۔ یہاں 9 شعبوں کی او پی ڈی لگے گی۔ مریضوں کے رجسٹریشن کا عمل صبح ساڑھے آٹھ بجے سے شروع ہو کر تین گھنٹے تک چلے گی ۔
لیڈی ہارڈنگ میڈیکل کالج اور متعلقہ اسپتالوں میں دکھانے کے لیے صبح آٹھ بجے سے رجسٹریشن کرا سکیں گے ۔ صبح نو بجے سے لے کر دوپہر ایک بجے تک او پی ڈی لگے گی۔ جس کو لے کر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز نے حکم جاری کیا ہے ۔
فیڈریشن آف آل انڈیا میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر راکیش باگڑی نے کہا کہ ریذیڈنٹ ڈاکٹر پہلے سے بہت دباؤ میں کام کررہے ہیں ، جس کی اب کوئی وقت کی حد نہیں رہی ۔ اس قدم سے ڈاکٹروں کے اوپر ذہنی وجسمانی دباؤ بڑھے گا ۔ ڈاکٹر اپنا سب کچھ قربان کرکے اس دور میں اپنی خدمات دے رہے ہیں۔










