نئی دہلی : (ایجنسی)
راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس کے ایک وفد نے آج صدر رام ناتھ کووند سے ملاقات کی۔ کانگریس قائدین نے لکھیم پور کھیری واقعہ پر صدر سے بات کی۔ کانگریس قائدین نے وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی کے استعفیٰ کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ صدر سے ملاقات کرنے والے کانگریس وفد میں پرینکا گاندھی اور ملک ارجن کھرگے ، اے کے انٹونی اور غلام نبی آزاد بھی شامل تھے۔
صدر رام ناتھ کووند سے ملاقات کے بعد کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ لکھیم پور کھیری میں متاثرین پریواروں کی مانگ ہے کہ جس نے بھی ان کے بیٹے کا قتل کیا اسے سزا ملے اور یہ بھی کہاکہ جس شخص نے قتل کیا اس کے والد ملک کے وزیر مملکت برائے داخلہ ہیں۔ جب تک وہ اپنے عہدہ پر بنے رہیں گے تب تک انصاف نہیں ملے گا۔ یہ بات ہم نے صدر کو بتائی ہے۔
ساتھ ہی پرینکا گاندھی نے کہا کہ صدر نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ آج حکومت کے ساتھ اس معاملے پر بات کریں گے۔ ان کی (مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ) کی برخاستگی کی مانگ کانگریس کی مانگ نہیں ہے، ہمارے ساتھیوں کی مانگ نہیں ہے،یہ عوام کی مانگ ہے اور متاثر ین کسان پریواروں کی مانگ ہے ۔










