2007 بیچ کے آئی اے ایس افسر عظیم الحق اب دہلی وقف بورڈ کے سی ای او کے عہدے کا مکمل چارج لیں گے۔ وہیں 2008 بیچ کی آئی اے ایس افسر ڈاکٹر مدھو رانی تیوتیا کو وزیر اعلیٰ کا سکریٹری بنایا گیا ہے۔ مدھو رانی تیوتیا کا شمار ایک، سنجیدہ اور ایماندار آئی اے ایس آفیسر کے طور پر کیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی 2011 بیچ کے آئی اے ایس افسر سندیپ کمار سنگھ کو وزیر اعلی کے اسپیشل سکریٹری کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ساتھ ہی 2011 بیچ کے آئی اے ایس افسر روی جھا کو ایکسائز کمشنر کے عہدے سے ہٹا کر وزیر اعلیٰ کا خصوصی سکریٹری بھی بنایا گیا ہے۔ 2014 بیچ کے آئی اے ایس آفیسر سچن رانا ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر کے عہدے پر برقرار رہیں گے، اور دہلی جل بورڈ کے ممبر (ایڈمنسٹریشن) کا اضافی چارج بھی سنبھالیں گے۔
5 فروری 2025 کو ہوئے دہلی اسمبلی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد، بی جے پی نے دہلی میں نئی حکومت بنائی ہے۔ اس الیکشن میں دہلی کی 70 اسمبلی سیٹوں میں سے بی جے پی نے 48 سیٹیں جیتی تھیں۔ وہیں عام آدمی پارٹی نے 22 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے بعد پارٹی نے ریکھا گپتا کو دہلی کا وزیر اعلیٰ بنایا ہے۔