احمد آباد :
گجرات میں آئندہ سال کے آخر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کو لے کر انتخابی سرگرمیاں شروع ہوگئی ہیں۔ ہر بار کی طرح اس بار بھی الگ الگ پارٹیاں ریاست کی اکثریت آبادی پاٹیدار سماج کو اپنے حق میں کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اتوار کے روز کاگواڈ کے کھوڈل دھام میں پاٹیدار سماج کے سربراہان کی میٹنگ بھی ہوئی، جس میں کہاگیا ہے کہ اگلا وزیر اعلیٰ پاٹیدار ہونا چاہئے۔
اسے لے کر عام آدمی پارٹی بھی سرگرم ہو گئی ہےاور یہ بھی جانکاری مل ہےکہ ’آپ‘ پاٹیداروں کو اپنے حق میں لانے کے لیے ہاردک پٹیل کو اپنا چہرہ بنانے کی تیاری میں ہے، ایسے میں ہاردک پٹیل کا کانگریس چھوڑ کر آپ میں شامل ہونا کوئی حیران کن بات نہیں ہوگی۔
ہاردک کو چہرہ بنا کر بی جے پی ،کانگریس کو گھیرنے کی حکمت عملی
پاٹیداروں نے گزشتہ سال بلدیاتی انتخابات میں سورت میں آپ کو 27 سیٹیں جتانے میں مدد کی، لیکن پاٹیداروں کا ماننا ہے کہ ان کے سماج کا کوئی بڑا چہرہ تو ہونا ہی چاہئے۔ پاٹیدار ریزرویشن کے دوسرے بڑے لیڈر گوپال اٹالیہ ’آپ‘ سے جڑچکے ہیں، لیکن پاٹیدار سماج کے کئی لیڈر انہیں بااثر نہیں مانتے۔ ایسے میں پاٹیدار لیڈر ہاردک پٹیل کو اپنا لیڈر بنا کر بی جے پی اور کانگریس کو گھیرنے کی حکمت عملی بنانے میں مصروف ہیں۔
’آپ‘ میں پرجوش نوجوانوں کو شامل کرنے کی پالیسی
گجرات میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں’ آپ‘ کو سورت میں ایک بڑی کامیابی ملی ہے اور اس نے اپوزیشن میں کانگریس کی جگہ لے لی ہے۔ ’آپ‘ نے 2017 کے اسمبلی انتخابات لڑنے کے لئے ایک تنظیم تشکیل دی تھی ، لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکی۔ اس سے سبق لیتے ہوئے ، آپ کی کور کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ پارٹی میں سرگرم اور پرجوش نوجوانوں کو شامل کرکے ، انہیں اپنا چہرہ بنایا جائے۔ اس کی وجہ سے ، بلدیاتی انتخابات سے قبل گوپال اٹالیہ کو ریاستی صدر بنا دیا گیا تھا اور آپ کو بھی سورت میں کامیابی ملی تھی اور اب وہ پاٹیدا رریزرویشن کے لیڈر ہاردک پٹیل کو اپنے پالے میں لانے کی تیاری کر رہی ہے۔











