نئی دہلی:
عام آدمی پارٹی کے دبنگ لیڈر اور دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان ایم ایل اے کو انکم ٹیکس نے نوٹس بھیج کر نئے تنازع کو جنم دیا ہے۔ اس نوٹس پر اپنا شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے امانت اللہ خان نے کہا کہ مودی جی اپنی ایجنسی کا استعمال آپ کے لیڈروں کو پریشان اور ڈرانے کے لیے کر رہے ہیں ،لیکن ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔
ٹویٹ میں انہوں نے کہا ہےکہ اگر یہ نوٹس مہیل چوکسی،نیرو مودی اور چمپت رائے کو دیا ہوتا تو زیادہ اچھا ہوتا۔مسٹر خان نے وزیراعظم مودی سے سوال کیا ہےکہ سی بی آئی،ای ڈی،اور آئی ٹی کے سہارے کب تک رہیں گے۔
دریں اثنا ءروزنامہ خبریں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے ہتھکنڈوں سے سچ کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا ،عوام کی خدمت کی وہ ہر قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہیں ۔انہوں نے کہا وہ مظلوموں اور کمزوروں کی آواز اٹھاتے رہیں گے۔









