نئی دہلی:
جمعیۃ علماء ضلع نئی کے مجلس منتظمہ کا اہم اجلاس مدرسہ تعلیم القرآن تکیہ کالے خان نئی دہلی میں مولانا قاسم نوری صدر جمعیۃ علماء نئی کے زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں تنظیمی استحکام، تعلیم بالغان، اصلاح معاشرہ اور جدید دفتر کے قیام پر خاص طور سے غور وخوض ہوا۔ مجلس کا آغاز مولانا شفیق احمد القاسمی مالیگانوی کی تلاوت سے ہوا، جب کہ سابقہ کارروائی کی خواندگی اسعد میاں ناظم جمعیۃ علماء نئی دہلی نے کی۔
اجلاس میں موجودہ حالات میں خود کو اندر سے مستحکم کرنے اور دنیا کے لوگوں کے لیے مفید بنانے کے پہلوؤں پر غور ہوا، اس موقع پر اپنے خطا ب میں صدر اجلاس مولانا قاسم نوری نے کہا کہ ہمیں فرد کی تعمیر کرنی ہے، کیوں کہ جب تک فرد کی تعمیر نہیں ہو گی، ملت کی تعمیر نہیں ہوگی۔انھوں نے کہا کہ جب انسان خود کے لیے کارگر نہیں ہو سکتا، وہ دوسروں کے لیے کیا کارگر ہو گا۔ اس لیے جمعیۃ علماء ضلع نئی دہلی یہ فیصلہ کرتی ہے کہ اصلاح معاشرہ اور تعلیم بالغان کے ذریعہ ملت کے نوجوانوں کی اصلاح اور ان کے اندر خودی کی پہچان پیداکرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ نئی دہلی ہندستان کی سیاست کا محور ہے، اس لیے ہمارا ضلع ملک بھر میں قائم جمعیۃ علماء کی یونٹوں کے لیے ماڈل ہو نا چاہیے۔ اس موقع پر خادم الحجاج اسعد میاں ناظم جمعیۃ علماء نئی دہلی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کے صدر حضرت مولانا محمود مدنی کی ہر ہدایت او رجمعیۃ علماء کے دستور میں موجود رہ نما اصول کو نئی دہلی میں نافذ کیا جائے گا، انھوں نے نئی دہلی میں جمعیۃ علماء سے محبت کرنے والوں سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور جمعیۃ علماء کے اس کاررواں میں ہمارا حصہ بنیں، اللہ ان کو مقام عطا کرے گا۔
مجلس منتظمہ نے اپنے اجلاس میں فی الوقت تعلیم بالغان پر توجہ دینے کا فیصلہ کیا، اس کے لیے دینیات کا نصاب مطالعہ کے بعد نافذ کیا جائے گا، اس موقع پر رکن منتظمہ مولانا یسین جہازی نے کہا کہ انھوں نے مطالعہ کرکے تعلیم بالغان پر کچھ مواد تیار کیے ہیں، ان کا بھی مطالعہ کیا جائے۔اصلاح معاشرہ سے متعلق یہ طے ہوا کہ مرکزی دفتر جمعیۃ علماء ہند اور صوبائی دفتر سے جو بھی ہدایت آئے گی اس پر عمل کیا جائے گا۔
اس اجلاس میں جمعیۃ علماء نئی دہلی کے لیے ایک جدید دفتر پر بھی غور ہوا، چنانچہ یہ طے ہوا کہ اس کو حاصل کرنے کے لیے ایک تین رکنی کمیٹی بنائی جائے جس کا رفیق احمد نائب صدر جمعیۃ علماء نئی دہلی کو کنوینر بنایا گیا، باقی دو ارکان مولانا قاسم نوری اور اسعد میاں ہو ں گے۔ نیز صدر کو اختیار دیا گیا کہ وہ مالی فراہمی کے لیے تدابیر اختیار کریں۔ نئی دہلی یونٹ کے خازن محمد مبشر نے مالی نظام کو مستحکم کرنے کے طور طریقوں پر روشنی ڈالی۔
اسعد میاں جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء نئی دہلی کی سفارش پر مولانا غیاث الدین مظاہری امام و خطیب جامع مسجد ترکمان گیٹ اور مولانا سلمان امام وخطیب این جے پی کالونی مسجد کو ضلع کا سکریٹری مقرر کیا گیا۔اجلاس کا اختتام نائب صدر کی دعاء پر ہوا
اجلاس میں صدر اجلاس و ناظم کے علاوہ مولانا ابوبکرنائب صدر، مولانا عظیم اللہ قاسمی، ڈاکٹر ابو مسعود، مولانا شفیق احمد االقاسمی مالیگانوی، مولانا علیم الدین اجمیر ی، مولانا یسیین جہازی، حافظ محمد افضل، مولانا عرفان قاسمی، مولانا غیاث مظاہری، مولانا سلمان،محمد جاوید، محمد مبشر خازن، رفیق احمد عرف لڈونائب صدر، حافظ توحید عالم، قاری حفظ الرحمن، مولانا رفیق عالم مظاہری، حافظ عبدالحلیم وغیرہ شریک تھے۔









