نئی دہلی:
مودی سرکار کی مرکزی کابینہ کے بڑے ردوبدل سے پہلے مرکزی وزراء سنتوش کمار گنگوار ، رمیش پوکھریال نشنک ، سدانند گوڑا اور دیبوشری چودھری نے بدھ کے روز اپنے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ذرائع کے مطابق صبح میں وزیر اعظم نریندر مودی کی رہائش گاہ پر منعقدہ میٹنگ کے بعد ان وزرا نے بعد استعفیٰ دیا۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا نے بھی اس میٹنگ میں حصہ لیا۔
مسٹر سنتوش کمار گنگوار وزارت محنت وروزگار، مسٹر رمیش پوکھریال نشنک وزارت تعلیم ، مسٹر سدانند گوڑا وزارت کیمیکل اور مسزدیبو چودھری خواتین و ترقیات اطفال کے قلمدان سنبھال رہے تھے۔
میڈیا میں آ رہی خبروں کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی جن وزراء کی کارکردگی سے خوش نہیں تھے، ان کو کابینہ سے باہر کا راستہ دکھا دیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ کورونا بحران میں مودی حکومت کے کووڈ مینجمنٹ پر کئی طرح کے سوال کھڑے کیے گئے تھے اور وزارت صحت ہر کسی کے نشانے پر تھا۔ ایسے میں ڈاکٹر ہرش وردھن کی مرکزی کابینہ سے چھٹی کر کے ڈیمیج کنٹرول کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔









