ممبئی :
دلیپ کمار کی تکفین وتدفین مکمل ہو گئی ہے اور انھیں ان گنتی نم آنکھوں نے آخری وداعی دیتے ہوئے سپردِ خاک کر دیا۔ دلیپ کمار کو جوہو واقع سانتاکروز قبرستان میں دفن کیا گیا، جہاں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ دلیپ کمار کی بیوی سائرہ بانو نے سانتاکروز قبرستان پہنچ کر انھیں آخری بار سلام پیش کیا اور اس موقع پر وہ روتی-بلکتی اور بے حال نظر آئیں۔
دلیپ کمار کے انتقال کے بعد انھیں آخری وداعی دینے کے لیے اہم شخصیتوں کے پہنچنے کا سلسلہ تھا۔ مشہور و معروف اداکار شاہ رخ خان بھی دلیپ کمار کا آخری دیدار کرنے کے لیے پہنچے اور روتی ہوئی دلیپ کمار کی بیوی سائرہ بانو کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سائرہ بانو انتہائی مغموم نظر آئیں جنھیں سنبھالتے ہوئے شاہ رخ نے ہمت اور حوصلہ کی تلقین کی۔









