لکھنؤ :
گورکھپور کے بی آر ڈی میڈیکل کالج سے معطل ہوئے ڈاکٹر کفیل خاں کی عرضی پر ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ اس سماعت کے دوران ہائی کورٹ نے یوپی سرکار سے پوچھا ہے کہ ڈاکٹر کفیل احمد خاں کو چار سال سے معطل کیوں رکھا گیا ہے ؟ کورٹ نے سرکار سے پوچھا کہ اب تک محکمہ جاتی کارروائی پوری کیوں نہیں کی جاسکی؟ کفیل خاں نے اپنے معطلی کو لے کر ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی تھی ، جسے لے کر اب سرکار سے جواب مانگا گیا ہے۔
ہائی کورٹ نے یوپی حکومت سے 5 اگست تک جانکاری دینے کو کہا ہے ۔ جس میں سرکار کو یہ بتانا ہوگاکہ گزشتہ چار سالوں سے ڈاکٹر کفیل خاں کو لے کر آخرکوئی فیصلہ کیوںنہیں لیا گیا اور انہیں ان کی نوکری پر واپس کیوں نہیں رکھا گیا ۔
بتادیں کہ ڈاکٹر کفیل خاں کئی بار اپنے معطلی کو واپس لینے کی مانگ کرچکے ہیں ۔ کورونا بحران کی شروعات سے ہی وہ یوگی سرکار سے اپیل کررہے ہیں کہ وہ اپنے تجربے سے لوگوںکی مدد کرنا چاہتے ہیں ۔ اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ جان بوجھ کر ان کی معطلی ختم نہیں کی جارہی ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ وہ اسے لے کر 36 سے زیادہ بار خط لکھ چکے ہیں۔











