نئی دہلی :
انتخابی بانڈس کے ذریعہ بی جے پی نے 2555 کروڑ روپے جمع کئے ہیں۔ سال 2019-20میں کل بانڈس کا 76 فیصد حصہ اکیلے بھارتیہ جنتا پارٹی کو ملاہے ۔ یہ انکشاف نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے ذریعہ کیا گیا ہے ۔ نیوز چینل کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی نے اس معاملے میں زبردست اضافہ کیا ہے ۔ گزشتہ سال کے اعدادوشمار کا توازن کرے تویہ اس کے مقابلے 75 فیصد زیادہ ہے ۔ گزشتہ سال بی جے پی نے انتخابی بانڈس کے ذریعہ 1450 کروڑ روپے جمع کئے تھے۔
جہاں ایک طرف بی جے پی کے انتخابی بانڈ میں اچانک اضافہ ہوا ہے وہیں دوسری طرف کانگریس کے کلیکشن میں 17 فیصد کی گراوٹ آئی ہے ۔ گزشتہ سال کانگریس کو انتخابی بانڈ کے ذریعہ 383 کروڑ روپے ملے تھے لیکن 2019-20میں 318 کروڑ روپے جمع ہوئےہیں ۔ جو کہ کل بانڈس کا 9 فیصد ہے ۔
آمدنی اور چندے کے مقابلے بی جے پی ملک میں دیگر پارٹیوں سے پہلے سے کافی آگے تھی۔ اس سال کے اچھال نےانہیں اور بھی آگے کردیا ہے ۔ انتخابی بانڈ کے معاملے میں بی جے پی اور کانگریس کے بعد ممتا بنرجی کی ٹی ایم سی آتی ہے جس نے 100.46 کروڑ روپے جمع کئے ہیں۔
اس کے علاوہ شرد پوار کی پارٹی این سی پی کو 29.25 کروڑ ، شیو سینا کو 41 کروڑ ، ڈی ایم کے کو 45 کروڑ ، عام آدمی پارٹی کو 18 کروڑ اور لالو یادو کی پارٹی آر جے ڈی کو 2.5 کروڑ ملے۔
مرکزی حکومت نے ملک کی سیاسی جماعتوں کے انتخابی چندے کے نظام کو شفاف بنانے کے لیے سال 2017-18 میں انتخابی بانڈ متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔ انتخابی بانڈ کا مطلب ہے ایک ایسا بانڈ جس پر اس کی قیمت لکھی ہو۔ اس بانڈ کے ذریعے کوئی بھی سیاسی جماعت کو عطیہ دے سکتا ہے۔ اس نظام کے نفاذ کے بعد سیاسی جماعتوں کی آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔











