لکھنؤ (ایجنسی)
اترپردیش میں کلاس آٹھ کے اسکولوں کو بھی اسٹوڈنٹس کے لیے کھولنے کی تیار ی کررہی یوگی حکومت نے جمعرات کو قانون ساز کونسل میں واضح کیا کہ اسکولوں میں اسٹوڈنٹس کی حاضری لازمی نہیں ہوگی اور ذرا سا بھی ناساز گار اشارے ملنے پر اسکولوں کو بند بھی کیا جاسکتا ہے ۔
کونسل میں وقفہ سوال کے دوران شکشک دل کے ممبر دھرو کمار ترپاٹھی کے ذریعہ پوچھے گئے سوال پر قائد ایوان ڈپٹی سی ایم ڈاکٹر دنیش کمار نے کہاکہ بنیادی تعلیم میں حاضری کو لازم نہیں کیا گیا ہے ۔ ہم نے نو سے 12 تک کی کلاسز کے لیے بھی حاضری کو لازم نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرپرستوں اور ٹیچروں اور سیاسی تنظیموں کے ذریعہ بھی کہا گیا ہے کہ چاہے کم وقت کے لیے ہی سہی لیکن آف لائن تدریس کاکام کرایا جائے ۔
اترپردیش میں ابھی جو ماحول ہے اس میں ہم حفاظت کی طرف بڑھ چکے ہیں لیکن اگر فکر کے اشارے ملتے ہیں تو ہم اسکول کو بند بھی کرسکتے ہیں۔ دراصل دھرو کمار ترپاٹھی نے وزیر صحت جے پرتاپ سنگھ سے پوچھا تھا کہ کیاابھی تک ٹیکہ نہیں لگوانے والے ٹیچروں اور 18 سال سے کم عمر کے بچوں کے لیے ویکسینیشن کا کوئی انتظام کیا گیا ہے یا نہیں۔









