نئی دہلی :(ایجنسی)
افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد ملک کے حالات کو لے کر لوگوں میں ڈر کا ماحول بناہواہے ، جس کے مدنظر وہاں کے لوگ دوسرے ممالک جانے کی کوشش کررہے ہیں۔ کئی ہندوستانی بھی افغانستان میں پھنس گئے ہیں، جن میں سے کئی لوگوں نے بھارت سرکار سے بحفاظت واپسی کی اپیل کررہے ہیں۔ اس درمیان پتنجلی آیوروید کمپنی کے بانی بابا رام دیو نے افغانستان بحران کو لے کر کہاہے کہ بھارت کو اس معاملے کو سنجیدگی کے ساتھ دیکھنے کی ضرورت ہے ۔ جو ہندوستانی وہاں پھنسے ہیں، ان کی مدد کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہاکہ طالبان کو تشددکا راستہ چھوڑ کر ایک ذمہ دار سرکار کی طرح کام کرنا چاہئے ۔ رام دیو اپنی اس بات کو لے کر سوشل میڈیا یوزر کے نشانے پر آگئے ہیں۔ لوگ انہیں ٹرول کرتے ہوئے کئی طنز کررہے ہیں۔
دراصل جمعرات کو صحافیوں سے بات چیت کے دوران رام دیو نے کہاکہ افغانستان میں جو بھی ہندوستانی پھنسے ہیں انہیں سرکار نکالنے کے لیے تیز ی سے کام کررہی ہے ، اس پر اور توجہ دینے کی ضرورت ہے ، کیونکہ طالبان کاکردار بدلنے والا نہیں ہے۔ آج تک ان کا جو ٹریک ریکارڈ رہاہے ، اس سے ان کی خوف کی سیاست اور جس طرح سے انہوں نے لوگوں کو تکلیف دی ، ان کےساتھ ظلم کیا ہے ، وہ جگ ظاہر ہے ۔
انہوں نے مزید کہاکہ بھارت کو بے حد سنجیدگی کے ساتھ افغانستان معاملے سے نمٹنے کی ضرورت ہے اور اپنے لوگ جو وہاں پھنسے ہیں، ان کی مدد کرنے کی ضرورت ہے ۔ یہ سچ ہے کہ اب افغانستان کی پوری حکمرانی طالبان کے ہاتھ میں ہے، لیکن اگر طالبان کو پوری دنیا کا ساتھ چاہئے تو انہیں بھی تشدد کا راستہ چھوڑ کر ایک ذمہ دار سرکار اور انسان کی طرح سلوک کرنا چاہئے۔
صحافی کے ایک دیگر سوال پر رام دیو نے کہاکہ وہ کہہ رہے ہیں کہ وہ طالبان کی زمین کو کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گےلیکن وہ جس پس منظر سے آتے ہیں ایسے میں ان کی باتوں پر یقین کرنا بڑا مشکل ہے ۔ اگر وہ دہشت کا ایک اڈا بن جاتا ہے ، تب یہ بھارت کے ساتھ دیگر پرامن ممالک کے لیے بہت ہی خطرناک ہوگا۔
رام دیو نے اپنے اس بیان کو لے کر سوشل میڈیا یوزرس کے نشانہ پر آگئے ۔ لوگ انہیں ٹرول کرتے ہوئے طنز کس رہے ہیں ۔ ایک یوزر نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’’میں تو بولتا ہوں بابا جی کو طالبان بھیج دو 10-15دن کے لئے طالبانیوں کو یوگ سکھائیں گے ،کالا دھن دلائیں گے اور پتنجلی کا آٹاکھلائیں گے تو طالبانی سدھر جائے گا اور بابا افغانستان کو بچا پائے گا۔
ایک اور نے اپنے ٹویٹ میں لکھا :’پہلے رام دیو بابا جو آپ نے 30 سے 40 روپے پٹرول ڈیزل کے دام کے لیے بولا تھا پہلے وہ کام کریں پھر دوسرے ملک کی بات کرنا۔ پہلےاپنے ملک کو دیکھو مہنگائی کم کرنے کی بات کی تھی ، بے روزگاری ختم کرنے کی بات کی تھی آج تو بھارت سرکار کے دروازے پر کسان کھڑے ہیں یہ طالبان سے کم ہے کیا؟‘








