نئی دہلی : (ایجنسی)
دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے مرکز ی سرکار پر تیکھا حملہ کیا ہے ۔ ہفتہ کو میڈیا سے بات چیت میں سسودیا نے دعویٰ کرتے ہوئے کہاہے کہ ہمیں ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 15 لوگوں کی لسٹ سی بی آئی ، ای ڈی اور دہلی پولیس کو سونپی ہے تاکہ آنے والے انتخابات میں انہیں برباد کیا جاسکے۔
انہوں نے کہاکہ پی ایم مودی نے اپنے برہما ستر دہلی پولیس کمشنر راکیش استھانہ کو چلانے کا فیصلہ لیا ہے۔ اس جانکاری کے بعدعام آدمی پارٹی کا اسٹینڈ یہ ہےکہ آپ ایمانداری سے کام کرے گی ۔ وزیر اعظم جس سے بھیجنا چاہئے بھیج لیں، ہمارے خلاف جو جانچ کرنا چاہئیں کر لیں ،ہم ڈرنے والے نہیں۔
منیش سسودیا نے کہاکہ پی ایم مودی بتائیں کہ پہلے بھی سی بی آئی نے کئی جانچ کی، لیکن کیا ملا؟ 21 ممبران اسمبلی کے خلاف کئی طرح کے فرضی مقدمے کئے گئے۔ سی ایم کیجریوال کے بیڈ روم میں پولیس کو بھیج دیا، لیکن کچھ نہیں ملا۔
سسودیا نے کہا کہ آنے والے انتخابات سے پہلے ایسی بڑی سازش رچی گئی ہے، جس میں ایجنسیاں کا مس یوز کرنے کے لیے مرکز تیار ہے ۔ ان 15 لوگوں میں کئی نام عام آدمی پارٹی کے بھی ہیں ، ایسا اس لئے ہے کیونکہ آنے والے انتخابات میں بی جے پی کے لیے ’آپ‘ بڑا خطرہ بن سکتی ہے ۔
دہلی پولیس کے کمشنر راکیش استھانہ ، وزیر اعظم کا برہما ستر ہے۔ اب انہوں نے برہما ستر چلا دیا ہے ، ہمیں بھی بتایا گیا ہے کہ راکیش استھانہ نے وعدہ کیاہے کہ ان 15 لوگوں کے حلاف چاہے جو بھی کرنا پڑے ، وہ کریں گے ۔
سسودیا نے کہا کہ عام آدمی پارٹی ایمانداری کی سیاست کرتی ہے۔ وزیر اعظم جی آپ چاہے سی بی آئی بھیج دیں ، پولیس بھیجیں ، ای ڈی بھیجیں ، ہم سب کا استقبال کرتے ہیں کیونکہ ہم سچائی کی سیاست کرتے ہیں۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام فورس کا استقبال کرتے ہوئے ہم وزیر اعظم سے پوچھنا چاہیں گے کہ آپ نے پہلے بھی ہمارےاوپر بہت ریڈ کروائی، خود میرے یہاں دو بار ریڈ ہوچکی ہے ۔ میرے یہاں 6 گھنٹے ریڈ کی، اس سے کیا نکلا؟ ستیندر جین کے یہاں 12 گھنٹے ریڈ میں کیا ملا؟ آپ نے 450 فائلوں کی جانچ بلیو کمیٹی سے کرائی ، اس سے کیا نکلا؟ کچھ بھی نہیں۔








