گوہاٹی :
افغانستان پر طالبان کے قبضہ کی سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر حمایت کرنے کے معاملے میں آسام میں 14 لوگوں کو پولیس نے گرفتار کیا ہے ۔ ایک سینئر پولیس افسر نے بتایاکہ یہ گرفتاری جمعہ رات سے کی گئی اور ان پر غیر قانونی سرگرمی (روک تھام) ایکٹ ، آئی ٹی ایکٹ اور سی آر پی سی کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے ۔افسر نے بتایا کہ ہم مستعد ہیں کہ اور قابل اعتراض پوسٹ کے لیے سوشل میڈیا پر نگرانی کررہے ہیں۔
کام روپ میٹرو پولیٹن بار پیٹا، دھوبری اور کریم گنج اضلاع سے دو دو لوگوں کی گرفتاری ہوئی ہے۔ وہیں درنگ ،کاچر، ہیلا کندی ، جنوبی سلمارا ، گولپارہ اور ہوجئی اضلاع سے ایک ایک شخص کی گرفتاری ہوئی ہے ۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل وایلیٹ باروہ نے کہا کہ آسام پولیس سوشل میڈیا پر طالبان کی حمایت میں تبصرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کررہی ہے ۔ انہوں نے ٹوئٹ کیاکہ ہم اس طرح کے لوگوں کے خلاف فوجداری معاملہ درج کررہے ہیں ۔ اگر آپ کی نظر میں کوئی ایسی چیز آتی ہے تو برائے مہربانی پولیس سے رابطہ کریں۔











