نئی دہلی:شردھا والکر کیس میں دہلی پولیس نے ملزم آفتاب پونا والا کے خلاف 3000 صفحات کی چارج شیٹ تیار کی ہے۔ آفتاب پر مبینہ طور پر اپنی ساتھی شردھا والکر کو قتل کرنے اور اس کے جسم کے 35 ٹکڑے کرنے کا الزام ہے۔
این ڈی ٹی وی (NDTV) نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ڈرافٹ چارج شیٹ میں 100 سے زیادہ گواہوں کا ذکر ہے۔ پوری چارج شیٹ الیکٹرانک اور فرانسک شواہد پر مبنی ہے، جو پولیس نے اپنی مہینوں کی تفتیش کے دوران جمع کی ہے۔ یہاں یہ بتانا ضروری ہے کہ پولیس نے ابھی تک یہ چارج شیٹ عدالت میں داخل نہیں کی ہے۔
پولیس نے چارج شیٹ میں آفتاب کے اعترافی بیان، اس کے نارکو ٹیسٹ کے نتائج اور فرانسک ٹیسٹ رپورٹس کا بھی حوالہ دیا ہے۔ قانونی ماہرین فی الحال چارج شیٹ کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ممبئی کے رہائشی آفتاب پونا والا پر الزام ہے کہ اس نے گزشتہ سال 18 مئی کو دہلی کے مہرولی میں کرائے کے فلیٹ پر جھگڑے کے بعد شردھا والکر کو قتل کر دیا تھا۔ اس نے اس کے جسم کے 35 ٹکڑے کر دیے، جسے اس نے فریج میں رکھا۔ بعد میں اس نے کئی دنوں تک جسم کے اعضاء مہرولی کے جنگلات میں پھینکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے لاش کو کاٹنے کے لیے آری اور بلیڈ کا استعمال کیا تھا۔ بعد میں انہیں گڑگاؤں میں جھاڑیوں میں پھینک دیا گیا۔ جبکہ گوشت کاٹنے والی چاقو کو جنوبی دہلی میں کوڑے دان میں پھینک دیا گیا۔