نئی دہلی :میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ انکم ٹیکس کے افسران لکھنؤ، ممبئی اور وارانسی میں سماج وادی پارٹی کے لیڈر ابو عاصم اعظمی کے ٹھکانوں پر چھاپے مار رہے ہیں۔ محکمہ انکم ٹیکس نے پہلے سماج وادی پارٹی ابو اعظمی پر 160 کروڑ روپے کی ٹیکس چوری کا الزام لگاتے ہوئے سمن بھیجے تھے۔ الزام ہے کہ اعظمی نے وارانسی سے ممبئی تک حوالہ کے ذریعے 40 کروڑ روپے حاصل کیے تھے۔ ذرائع کے مطابق انکم ٹیکس محکمہ وارانسی میں ونائک گروپ کے معاملے کی جانچ کر رہا تھا۔ اسی تفتیش کے دوران اعظمی کا کردار سامنے آیا۔ واضح ہو ونائک گروپ نے بنارس میں کئی شاپنگ سینٹرز، عمارتیں، مالز اور کثیر المنزلہ رہائشی عمارتیں بنائی ہیں۔
آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے ذرائع کے مطابق سرویش اگروال، سمیر دوشی اور ابھا گپتا ونائک گروپ کے تین شراکت دار ہیں۔ گنیش گپتا کی بیوی کا نام ابھا گپتا ہے۔ گنیش گپتا عاصم اعظمی کا قریبی ساتھی اور دوست بتایا جاتا ہے۔ گنیش گپتا پہلے سماج وادی پارٹی کے جنرل سکریٹری تھے، لیکن کچھ عرصہ قبل ان کا انتقال ہو گیا تھا۔ وہ کولابہ میں اعظمی کی عمارت سے اپنا دفترچلاتے تھے-۔
آئی ٹی کو موصول ہونے والی معلومات کے مطابق ونائک گروپ کی کل آمدنی کو چار حصوں میں تقسیم کیا گیا اور اس کا ایک حصہ ابو اعظمی کے پاس گیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق سال 2018 سے 2022 کے دوران 200 کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی تھی۔ اس میں سے 160 کروڑ روپے کی آمدنی ظاہر ہوئی۔ آئی ٹی حکام کا ماننا ہے کہ ابو اعظمی کو 40 کروڑ روپے حوالہ چینلز کے ذریعے بھیجے گئے۔۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ابو اعظمی کے ساتھی انیس اعظمی کاروبار کا سارا کام دیکھتے تھے اور انیس کے ذریعے ہی مبینہ طور پر ممبئی میں حوالہ کے ذریعے رقم منتقل کی جاتی تھی۔
اس سے پہلے بھی آئی ٹی نے کولابہ میں ابو اعظمی کے احاطے پر چھاپہ مارا تھا۔ اس کے ساتھ ہی آئی ٹی نے ممبئی اور وارانسی میں دوشی اگروال اور گپتا کے مقامات پر بھی تلاشی مہم چلائی تھی۔