تحریر:ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی
دہلی کی ایک عدالت نے کہا ہے کہ کسی شخص کو گود لینے کے حق سے محض اس لیے محروم نہیں کیا جا سکتا کہ وہ مسلمان ہے اور مذہب سے متعلق شخصی قوانین کے تابع ہے ۔ ایڈیشنل سیشن جج دھرمیندر رانا کا یہ کمنٹ اس کیس میں سامنے آیا ہے جس میں ایک ملزم کو گود لینے کے کاغذ پر دستخط کرنے کے لیے نوح (ہریانہ) میں متعلقہ افسر کے پاس جانا تھا ، جس کے لیے اس نے پیرول کی درخواست کی تھی ۔ سرکاری وکیل نے پیرول کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ گود لینا اسلام میں حرام ہے اور ملزم پر اس کے مذہب سے متعلق پرسنل لا لاگو ہے ، اس لیے اسے پیرول پر نہیں رہا کیا جا سکتا ۔ ملزم کے وکیل نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ مسلم پرسنل لا کے تحت کسی مسلمان کو گود لینے کی اجازت نہیں ہے ، تاہم جووینائل جسٹس ایکٹ 2000 کے تحت گود لینے کا حق مسلمان کو بھی دیا گیا ہے – فاضل جج نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ میں اس دلیل سے اتفاق کرتا ہوں کہ درخواست گزار یا ملزم مسلمان ہے اور مذہب سے متعلق شخصی قوانین اس پر لاگو ہوتے ہیں ، اس کے باوجود آئینی دائرہ کار میں فراہم کردہ حقوق سے اسے محروم نہیں کیا جا سکتا ۔ چنانچہ انھوں نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو حکم دیا کہ وہ ملزم کو پیرول پر رہا کرنے کے انتظامات کرے ۔
تبنّیت ( گود لینا) مسلم پرسنل لا میں شامل ہے _ اس سلسلے میں جب جووینائل ایکٹ بنا تھا تو اس کا اطلاق مسلمانوں پر بھی کیا گیا تھا ، لیکن ان کی جانب سے شدید احتجاج کے بعد انہیں اس سے مستثنیٰ کردیا گیا تھا _ اس وقت سے یہ مسئلہ بار بار اٹھتا رہا ہے _ اسے اس حیثیت سے پیش کیا جاتا ہے جیسے اسلام نے گود لینے کے حق سے محروم کرکے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی ہے ، حالاں کہ ایسا نہیں ہے _ اس سلسلے میں اسلامی احکام کو صحیح تناظر میں سمجھنے کی ضرورت ہے _۔
کسی بچے کو گود لینا گود لینے والے جوڑے کی اپنی ضرورت سے ہوسکتا ہے اور بچے یا اس کے والدین کی ہم دردی میں بھی _ بسا اوقات کوئی جوڑا اولاد سے محروم ہوتا ہے _ وہ اپنی روحانی تسکین اور سماجی ضرورت سے کسی بچے کو گود لینا چاہتا ہے _ کبھی کسی رشتے دار کے زیادہ بچے ہوتے ہیں ، اس کا معاشی بار کم کرنے کے مقصد سے اس کے کسی بچے یا بچی کو گود لے لیا جاتا ہے _ کبھی کوئی لاوارث بچی یا بچہ ملتا ہے تو اس سے ہمدردی کی بنا پر اور اس کی پرورش کے مقصد سے اسے گود لیا جاتا ہے _ اسلام اس عمل کو پسندیدگی کی نظر سے دیکھتا ہے اور اس کی تحسین کرتا ہے _ لیکن اسلام اس بچے یا بچی کی ولدیت تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دیتا _ اسلام نسب کی حفاظت پر بہت زور دیتا ہے _ وہ کہتا ہے کہ نہ کسی بچے کے لیے جائز ہے کہ وہ اپنے حقیقی باپ کے علاوہ کسی کو اپنا باپ قرار دے اور نہ کسی شخص کے لیے جائز ہے کہ وہ کسی بچے کو ، جو اس کی صلبی اولاد نہ ہو ، اپنا بیٹا کہے ، یا دستاویزات میں اپنے بیٹے کی حیثیت سے اس کا اندراج کروائے _ قرآن مجید میں ہے :
’’ اور نہ اس نے تمہارے منہ بولے بیٹوں کو تمہار حقیقی بیٹا بنایا ہے ۔ یہ تو وہ باتیں ہیں جو تم لوگ اپنے منہ سے نکال دیتے ہو ، مگر اللہ وہ بات کہتا ہے جو مبنی بر حقیقت ہے اور وہی صحیح طریقے کی طرف رہ نمائی کرتا ہے – منہ بولے بیٹو ں کو ان کے باپوں کی نسبت سے پکارو ، یہ اللہ کے نزدیک زیادہ منصفانہ بات ہے ۔ اور اگر تمہیں معلوم نہ ہو کہ ان کے باپ کون ہیں تو وہ تمہارے دینی بھائی اور رفیق ہیں ۔ ‘‘( الأحزاب : 4 – 5)
اور اللہ کے رسول ﷺ کا ارشاد ہے :
مَنِ انْتَسَبَ إِلَى غَيْرِ أَبِيهِ…. فَعَلَيْهِ لَعْنَةُ اللَّهِ وَالْمَلَائِكَةِ وَالنَّاسِ أَجْمَعِينَ ( ابن ماجۃ :2609)
’’ جس شخص نے اپنے باپ کے علاوہ کسی اور کو باپ بنایا اس پر اللہ ، فرشتوں اور تمام انسانوں کی لعنت ہے _‘‘
اس کا مطلب یہ ہے کہ اسلام میں کسی کو گود لینا اور اس کی پرورش کرنا حرام نہیں ہے _ یہ تو کارِ خیر ہے _ ممانعت کسی بچے کی ولدیت تبدیل کرنے اور اس کے حقیقی باپ کی جگہ گود لینے والے کا نام لکھوانے کی ہے _۔
متبنّیٰ(جس کو گود لیا گیا ہو)کے سلسلے میں اس بات کی وضاحت بھی ضروری معلوم ہوتی ہے کہ اس کی حیثیت اجنبی کی ہوگی _ اس پر پردہ کے احکام نافذ ہوں گے اور وراثت میں اس کا کوئی حصہ نہیں ہوگا _ ہاں ، جس شخص نے گود لیا ہو وہ اپنی زندگی میں جتنا چاہے ،اسے ہبہ کرسکتا ہے اور ایک تہائی تک اس کے حق میں وصیت کرسکتا ہے _۔
(یہ مضمون نگار کے ذاتی خیالات ہیں)