نئی دہلی :(ایجنسی)
اگنی پتھ اسکیم کو لے کر پچھلے چار دنوں سے ملک کے کئی حصوں میں زبردست ہنگامہ ہوا ہے۔ اس میں ٹرینوں کو سب سے زیادہ نشانہ بنایا گیا۔ اس کی وجہ سے ریلوے کی املاک اور مسافروں کے ری فنڈ کو ملاکر کل ایک ہزار کروڑ سے زیادہ کا نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔ یہی نہیں 12 لاکھ لوگوں کو سفر منسوخ کرنا پڑا۔ 922 میل ایکسپریس ٹرینیں منسوخ ہوئیں۔ 120 میل ٹرینیں جزوی طور پر رد ہوئیں۔
ڈیڑھ لاکھ مسافروں کودرمیان سفر میں ٹرین چھوڑنی پڑی۔ 5 لاکھ سے زیادہ PNR رد ہوئے ۔ مسافروں کو تقریباً 70 کروڑ روپے واپس دئے گئے۔ مشرقی وسطی ریلوے زون کو 241 کروڑ روپے کی املاک کو نقصان پہنچا۔ جس عوامی املاک کو مظاہرین اندھا دھند نشانہ بنا رہے ہیں، اس میں ٹیکس دہندگان کی کروڑوں کی محنت کی کمائی ہے۔
چار دنوں میں ملک بھر میں 922 میل ایکسپریس ٹرینیں منسوخ کی گئیں۔ اگر ایک پی این آر پر 3 مسافرمان لیں تو 5 لاکھ سے زیادہ پی این آر رد ہوئے ہیں، ہر ٹرین میں اوسطاً 1200سے 1500تک مسافر سفر کرتے ہیں ۔ جس سے تقریباً 12 لاکھ لوگوں کا سفر منسوخ ہوا ۔
وزارت ریلوے نے ایک مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایک مسافر کا کرایہ کم از کم 600 روپے سمجھا جائے تو مجموعی طور پر 70 کروڑ روپے کی واپسی ہو رہی ہے۔ اگر آپ اس میں اے سی تھری، سیکنڈ اے سی اور فرسٹ اے سی کا کرایہ شامل کرتے ہیں تو ری فنڈ 100 کروڑ روپے ہوگا۔ 827 مسافر ٹرینیں منسوخ کی گئیں۔ 120 میل ایکسپریس ٹرینوں کو جزوی طور پر منسوخ کر دیا گیا، جس سے تقریباً 1.5 لاکھ مسافر ٹرین کو درمیان میں چھوڑ کر سفر منسوخ کرنے پر مجبور ہوئے۔
ایک ٹرین کی لاگت کیا ہوتی ہے ؟
میل ایکسپریس 24 کوچز پر مشتمل ہے۔ انجن کی قیمت 12 کروڑ روپے ہے۔ اے سی کوچ ڈھائی کروڑ، سلیپر جنرل کوچ 2کروڑ روپے کا ہوتا ہے ۔ ایک ٹرین کی قیمت 30 کروڑ ہے۔ احتجاج میں مختلف مقامات پر 21 ٹرینیں جلا دی گئیں۔
سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے میں یوپی سب سے آگے
اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاج 19 ریاستوں تک پہنچ چکا ہے۔ اس دوران یوپی-بہار میں سب سے زیادہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچا۔ اگر ہم نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کی 2020 کی رپورٹ پر نظر ڈالیں تو ایسے معاملات میں 28 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے، لیکن یوپی سمیت 6 ریاستوں میں معاملات میں اضافہ ہوا ہے۔ اترپردیش (2217) کیسوں کی تعداد میں سرفہرست ہے۔ دوسرے نمبر پر تمل ناڈو (668) ہے۔
صنعتکاروں نے کہا – تشدد اور اشتعال انگیزی غلط ہے
مہندرا گروپ کے چیئرمین آنند مہندرا، آر پی جی انٹرپرائزز کے چیئرمین ہرش گاینکا، ٹاٹا سنز کے چیئرمین این چندر شیکرن اور بایوکون کی چیئرپرسن کرن مجمدار شاہ نے اگنی پتھ پروجیکٹ کی حمایت کی۔ کہا- تربیت یافتہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے اچھے مواقع ہیں۔ تشدد اوراشتعال انگیزی غلط ہے۔