لکھنؤ:(ایجنسی)
اترپردیش اسمبلی انتخابات کی سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہے۔ اسی ضمن میں پیرکو سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے بڑا اعلان کیا۔ نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کے ساتھ بات چیت میں اکھلیش یادو نے کہا کہ وہ 2022 کا اسمبلی انتخابات نہیں لڑیں گے۔ واضح رہے کہ اکھلیش یادو ابھی اعظم گڑھ سے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ اس بات چیت کے دوران اکھلیش یادو نے جینت چودھری کی قیادت والی پارٹی راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) کے ساتھ اتحاد سے متعلق بھی باتیں واضح کر دیں۔
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے یہ بھی کہا ہے کہ آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے سماجوادی پارٹی اور آر ایل ڈی کے درمیان اتحاد سے متعلق بات بن گئی ہے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ آر ایل ڈی کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم کو ابھی حتمی شکل دیا جانا ہے۔ واضح رہے کہ اکھلیش یادو ابھی اعظم گڑھ سے رکن پارلیمنٹ ہیں، ساتھ ہی وہ سماجوادی پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی دعویٰ کرتی ہے کہ سردار پٹیل کے راستے پر چل رہے ہیں، لیکن اس حکومت کی مدت میں ہی سب سے زیادہ کسان مایوس ہیں۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ کسانوں کی آمدنی کم ہوئی ہے۔ مہنگائی بڑھ گئی ہے۔ بے روزگاری بڑھی ہے، جس طرح سے حکومت چل رہی ہے، سبھی طبقے کے لوگوں کی توہین ہو رہی ہے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی کے دو ہی کام ہیں۔ ایک سماجوادی پارٹی کے کاموں کے نام بدلنا اور دوسرا بیت الخلا بنوانا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی آج مرد مجاہد سردار پٹیل کو یاد تو کر رہی ہے، اگر حقیقت میں ان کے بتائے ہوئے راستے پرچلنا ہے تو تین زرعی قوانین بی جے پی نے جو پاس کئے ہیں، ان کو آج ہی واپس لے لیں۔ یہی سردار پٹیل کو سچی خراج عقیدت ہوگی۔








