نئی دہلی/فریدآباد: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منگل کی صبح 5 بجے سے الفلاح یونیورسٹی کے دفتر، اس کے ٹرسٹیز اور اس سے وابستہ دیگر افراد اور تنظیموں پر بڑے پیمانے پر چھاپے مارنا شروع کر دیے۔ ذرائع کے مطابق یہ چھاپے یونیورسٹی کی فنڈنگ اور کچھ پرانے فوجداری مقدمات سے متعلق ہیں۔ ای ڈی الفلاح یونیورسٹی کے اوکھلا دفتر پر یہ چھاپے مار رہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ای ڈی کی ٹیمیں صبح سے ہی دہلی-این سی آر میں کئی مقامات پر تلاشی لے رہی ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ای ڈی اس معاملے میں این آئی اے اور دہلی پولیس کی طرف سے درج ایف آئی آر کا نوٹس لیتے ہوئے پی ایم ایل اے کے تحت کارروائی کر رہی ہے۔
یونیورسٹی فنڈنگ میں بے ضابطگیوں کے الزامات:الفلاح یونیورسٹی کے مرکزی دفتر کے علاوہ، ای ڈی کے اہلکار فرید آباد اور دہلی-این سی آر میں کئی دیگر مقامات پر دستاویزات کی جانچ کر رہے ہیں۔ یہ کارروائی یونیورسٹی کی فنڈنگ میں بے ضابطگیوں اور مشکوک لین دین کی شکایات کی بنیاد پر کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ الفلاح یونیورسٹی کا لال قلعہ بم دھماکوں میں ملوث افراد سے بھی تعلق رہا ہے اور اس پر مختلف من گھڑت سرگرمیوں کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ الفلاح یونیورسٹی ایک نجی یونیورسٹی ہے جو ہریانہ کے فرید آباد ضلع میں واقع ہے، جسے الفلاح چیریٹیبل ٹرسٹ نے قائم کیا ہے۔
ادھر الفلاح یونیورسٹی کے چانسلر جواد احمد صدیقی کے چھوٹے بھائی 50 سالہ حمود احمد صدیقی کو مدھیہ پردیش پولیس نے اتوار کو حیدرآباد سے گرفتار کیا تھا۔ حمود پر الزام ہے کہ اس نے کئی سال قبل مہو قصبے میں لوگوں سے سرمایہ کاری کے نام پر تقریباً 40 لاکھ روپے لیے اور 20 فیصد سود کا لالچ دیا۔ دو سال تک کمپنی چلانے کے بعد وہ تیسرے سال میں اپنے خاندان کے ساتھ فرار ہو گیا۔ فراڈ کے تین پرانے مقدمات میں 10 ہزار روپے انعام کا اعلان بھی کیا گیا۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ چانسلر جواد احمد صدیقی کا فراڈ کے ان واقعات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
واضح ہو کہ تحقیقاتی ایجنسی نے یونیورسٹی سے منسلک مالی بے ضابطگیوں پر پی ایم ایل اے کا مقدمہ بھی درج کیا ہے، جہاں لال قلعہ کے بمبار ڈاکٹر عمر النبی اور جیش محمد سے منسلک فرید آباد دہشت گردی کے ماڈیول میں ملوث دیگر ملزمان کے ساتھ ساتھ انسٹی ٹیوٹ کے مالکان بھی کام کرتے تھے۔میڈیا رپورٹس کے ان پٹ کے ساتھ









