علی گڑھ، (حسن خالد) گزشتہ روز انڈین سینٹر فار اسلامک فائنانس میں ادارۂ تحقیق و تصنیف اسلامی، علی گڑھ کے زیرِ اہتمام مولانا انس مدنی کی کتاب "کسبِ معاش کا اسلامی تصور” کا رسمِ اجرا عمل میں آیا۔ اس تقریب میں علمی و فکری حلقوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ ناظمِ پروگرام اسعد فلاحی نے پروگرام کی نظامت کے فرائض انجام دیے۔
پروگرام کا آغاز سہ پہر 3:15 بجے ہوا۔ مصنف مولانا انس مدنی نے کتاب کا تفصیلی تعارف پیش کیا اور بتایا کہ اسلام نہ صرف اخلاقی و روحانی مسائل بلکہ دنیاوی معاملات میں بھی جامع رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رزقِ حلال کمانا اسلام میں ایک اہم عبادت ہے اور ہر مسلمان کو مالی معاملات میں دیانتداری اور تقویٰ کو مقدم رکھنا چاہیے۔ مولانا انس مدنی نے رسول ﷺ کی معاشی زندگی کو بہترین نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپؐ نے تجارت میں دیانتداری اور محنت سے کام لے کر ایک کامیاب تاجر کی حیثیت سے شہرت پائی۔
مہمانِ خصوصی پروفیسر محسن عثمانی نے اسلامی معیشت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اسلام نے ہمیشہ عدل و انصاف پر مبنی معیشتی نظام کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اسلامی معیشت میں زکوٰۃ اور صدقات غربت کے خاتمے کا ایک مؤثر ذریعہ ہیں۔
پروگرام کی صدارت پروفیسر جاوید احمد خاں نے کی، جنہوں نے اسلامی اقتصادیات پر مزید تحقیق کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات میں مالی معاملات میں دیانتداری کو خاص اہمیت دی گئی ہے اور اس حوالے سے مزید کام ہونا چاہیے۔
پروگرام کے اختتام پر عبد الرقیب صاحب نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اسلامی معیشت کے اصولوں کو عملی طور پر اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ پروفیسر محسن عثمانی کی دعاء پر تقریب کا اختتام ہوا۔