نئی دہلی:
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا نے لو ک سبھا سے گورنمنٹ آف نیشنل کیپیٹل بل (2021) منظور کئے جانے پر شدید تنقید کر تے ہوئے اسے دہلی کی منتخب حکومت کو بے اختیار بنانے کی ایک کو شش قرار دیا۔
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے قومی صدر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے ایک پریس بیان میں کہا کہ لوک سبھا سے منظور تر میمی بل میں کہا گیا کہ دہلی میں گورنمنٹ کا مطلب ’’ لیفٹننٹ گور نر ‘‘ ہو گا۔ نیز منتخب حکومت کو ہر ایگزیکیٹو فیصلے پرلیفٹننٹ گورنر کی رائے لازماََلینی ہو گی۔ اس طرح یہ بل دہلی کی منتخب حکومت کو کمزور اور بے وقعت کر تا ہے۔
انہوں نے آگے کہا کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو بد ترین شکست ہو ئی تھی تا ہم اس نے اس بل کے ذریعہ بالواسطہ مر کزی حکومت کو دہلی کی منتخب حکومت میں مداخلت کر نے کا راستہ ہموار کر دیا ہے۔اس طرح اس بل کے ذریعہ عام آدمی کے حق میں عوامی مینڈیٹ کی تو ہین کی گئی ہے۔
ڈاکٹر الیاس نے آگے کہا کہ ویلفیئر پارٹی کو متعدد امور و مسائل پر کیجریوال حکومت سے اختلاف ہے تاہم اس معاملہ میں اصولی طور پر ہم دہلی کی منتخب حکومت کے ساتھ ہیں اور اس غیر منصفانہ فیصلہ کی مذمت کر تے ہیں۔
مودی حکومت نے اپنے 6 سالہ دور اقتدار میں تمام جمہوری اداروں کو کمزور اور بے اختیار کر دیا ہے اور اب وہ ریاستوں کے اختیارات کو پامال اور کمزور کر کے ملک میں مطلق العنانیت کی راہ ہموار کر رہی ہے۔
انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملہ میں دہلی حکومت کے ساتھ کھڑے ہو ں اور مر کزی حکومت سے مطالبہ کریں کہ وہ اس غیر دستوری بل کو فوری واپس لے جو ملک کی فیڈرل روایات اور ڈھانچہ کو کمزور اور پامال کر تا ہے۔