نئی دہلی:
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جہاں کورونا وائرس (کووڈ 19) وبا سے 34 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں فعال کیسز میں اضافہ ہوا ہے ، وہیں کیرالہ اور لکشدیپ میں کیسز میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ اسی دوران مہاراشٹر میں سب سے زیادہ 19,771 فعال کیسز بڑھے ہیں اور کیرالہ میں فعال کیسز میں 106 کی کمی واقع ہوئی ہے۔
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ 19 کے مجموعی 31,581 فعال کیسز سامنے آئے ہیں۔ جن میں سے سب سے زیادہ متاثرہ مہاراشٹر میں ان کی تعداد میں 62 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور بیشتر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں بھی فعال کیسز میں اضافہ ہوا ہے ، جو کہ باعث تشویش ہے ۔ لیکن کیرالہ اور لکشدیپ میں ان کیسز میں کمی واقع ہوئی ہے۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے ہفتہ کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 62,258 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 19 لاکھ 08 ہزار 910 ہو گئی ہے ۔ اس دوران 30,386 مریض صحت یاب ہوئے ہیں ، جس سے اب تک 1,12,95,023 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
فعال کیسز 4,52,647 ہو گئے ہیں ۔ اسی دوران مزید 291 مریضوں کی موت کے ساتھ اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 1,61,240 ہوگئی ہے۔