آگرہ :(ایجنسی)
اتر پردیش کے آگرہ میں آر ایس ایس کے زیر انتظام تنظیم سیوا بھارتی کے دفتر پر حملے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہ معاملہ لوہا منڈی تھانہ علاقہ میں واقع بلوچ پورہ میں آر ایس ایس کارکنوں سے مار پیٹ کا ہے ۔ جس میں 5 کارکن زخمی ہوگئے۔ جس کےبعد ہنگامہ کھڑاہوگیا ہے۔
اس معاملے میں ایک خاص برادری کے شرپسند عناصر پر آر ایس ایس کے دفتر کے سامنے کھڑے آر ایس ایس کارکنوں پر حملہ اور پتھراؤ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں کچھ معلوم اور 40-50 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
آگرہ میں اس واقعہ میں آر ایس ایس سے منسلک سیوا بھارتی سنستھا کے دفتر پر حملہ کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق کچھ سماج دشمن عناصر جو وہاں شراب پیتے تھے، منع کرنے کےبعد مشتعل ہوگئے اور اس مجرمانہ فعل کو انجام دیا ۔ اس واقعہ میں آر ایس ایس کارکنوں نے مار پیٹ اور پتھراؤ کاالزام لگایا ہے اور 5 لوگوںکے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں لوگوں کی بھیڑجمع ہوگئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مکمل طور پر مجرمانہ فعل ہے اور اسے انتخابات سے جوڑ کر نہیں دیکھا جانا چاہئے۔ پولیس نے یہ بھی کہاکہ معاملے میں ملزمین کےخلاف گینگسٹر اور این ایس اے کےتحت کارروائی ہوگی اورکسی کو بخشا نہیں جائے گا۔
ایس ایس پی سدھیر کمار نے کہا کہ آر ایس ایس کارکنوں پر حملے کے معاملے میں 40-50 نامعلوم لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پتھراؤ سے 5 افراد زخمی ہوئے ہیں اور ملزمان کے خلاف گینگسٹر ایکٹ اور این ایس اے کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
انہوںنے کہاکہ اس طرح کی حرکت کو کسی بھی طرح برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ ملزمان کے خلاف گینگسٹر ایکٹ اور این ایس اے دونوں کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ بنیادی طور پر میں نےطلباء کے ساتھ بات چیت کی ہے، اس میں کہا گیا ہے کہ یہ لوگ شراب پیتے تھے۔ جب منع کیا گیا تو انہوں نے مشتعل ہوکر ایسی حرکت کی ہے، اس پر چھاپہ مارا جا رہا ہے اور سماج دشمن عناصر کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
آر ایس ایس سے متعلق اس واقعہ پر آگرہ جنوبی کے ایم ایل اے یوگیندر اپادھیائے اور بی جے پی کے آگرہ میٹروپولیٹن صدر بھانو مہاجن پولیس اسٹیشن لوہامنڈی میں موقع پر پہنچے۔ معاملہ بگڑتا دیکھ کر ایس ایس پی سدھیر کمار سنگھ بھی موقع پر پہنچ گئے۔ اس دوران بی جے پی ایم ایل اے نے کئی سنگین الزامات لگائے۔