احمد آباد:(ایجنسی)
بجرنگ دل اور وی ایچ پی کے اراکین نے احمد آباد میں کے ایف سی، ڈومی نوز، پزا ہٹ، ہنڈئی موٹر کمپنی اور کیا موٹرس کے شوروم میں جاکر احتجاج کیا ہے۔ بجرنگ دل کے اراکین نے ان کمپنیوں کے ذریعہ کشمیر سالیڈیریٹی ڈے کی حمایت کرنے والے ان کے سوشل میڈیا پوسٹ کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ سینکڑوں کی تعداد میں سنیچر کو گجرات میں ہندو تو وادی تنظیموں نے مارچ کیا، رپورٹس کے مطابق مظاہرہ کے پیش نظر ان کمپنیوں کو اپنے اسٹور کو بند کرنا پڑا، بجرنگ دل کے شمال گجرات کے سربراہ جولیت مہتا نے کہاکہ کشمیر کو ہندوستان کا اٹوٹ حصہ بتاتے ہوئے انہیں معافی مانگنی چاہئے، تبھی ہم انہیں معاف کریں گے۔
واضح رہے کہ کشمیر کو لے کر سوشل میڈیا پر گزشتہ ہفتے ہنڈئی موٹر ، کی آ موٹرس، فاسٹ فوڈ چین ڈو می نوز پزا اور یم برانڈ کے پزا ہٹ اور کے ایف سی سمیت دیگر کمپنیوں کی پاکستانی شاخ کے ذریعہ تبصرہ کیاگیا تھا۔ یہ کمپنیاں ہندوستان میں بھی کام کرتی ہیں، کمپنیوں کی ان پاکستانی برانچ نے یہ سوشل میڈیا پوسٹ پانچ فروری کو پاکستان کے یوم یکجہتی کمشیر کے موقع پر جاری کیاگیا تھا، جس کی وجہ سے ہندوستان میں سوشل میڈیا یوزرس کے درمیان غم وغصہ ہے۔
وی ایچ پی کے رکن دنیش نوادیہ نے سورت شہر میں ایک مظاہرہ کے دوران خبر رساں ایجنسی روئٹرس کو بتایا کہ یہ کمپنیاں کشمی رپر پاکستان کے رخ کی حمایت کرنے کے ساتھ ہندوستان میں کاروبار نہیں کرسکتی۔ کشمیر ہمارا ہے جیسے نعرے لگاتے ہوئے اور بھگوا اسکارف پہنچے ہوئے بجرنگ دل کے ۱۰۰ سے زائد اراکین احتجاج میں شامل ہوئے۔