مغربی بنگال میں وقف ایکٹ کے خلاف جاری احتجاج تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ مرشد آباد ضلع میں جاری پرتشدد مظاہروں میں تین لوگوں کی موت ہو گئی۔ اس میں باپ بیٹا بھی شامل ہیں۔ یہ دونوں شمشیر گنج بلاک کے جعفرآباد میں ہوئے تشدد میں مارے گئے تھے۔ نیوز ایجنسی پی ٹی آئی نے بتایا کہ ان دونوں کی لاشیں ان کے گھر سے ملی ہیں۔ ان کے جسم پر چاقو کے کئی زخم پائے گئے۔ اہل خانہ کا کہنا تھا کہ ہمارے گھر میں لوٹ مار بھی کی گئی
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہاں مرشد آباد میں جاری تشدد کو دیکھتے ہوئے کلکتہ ہائی کورٹ نے بڑا حکم دیا ہے۔ ہائی کورٹ نے مرشد آباد کے تشدد زدہ علاقوں میں مرکزی فورسز کی تعیناتی کا حکم دیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ بی جے پی لیڈر سویندو ادھیکاری نے ہائی کورٹ سے مرشد آباد میں مرکزی فورسز کی تعیناتی کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کے مطالبے کو ریاستی حکومت نے غیر ضروری قرار دیا۔ لیکن ہائی کورٹ کی ڈبل بنچ، جسٹس سومن سین اور جسٹس راجہ باسو چودھری نے مرشد آباد کے جنگی پور میں مرکزی فورسز کی تعیناتی کا حکم دیا۔ضلع میں جاری پرتشدد مظاہروں میں فائرنگ بھی ہوئی۔ ہفتہ کو تشدد کا تازہ واقعہ مسلم اکثریتی ضلع کے شمشیر گنج بلاک کے دھولیاں میں پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ وقف (ترمیمی) ایکٹ کے خلاف احتجاج میں جمعہ کو ضلع کے سوتی اور سمسر گنج علاقوں سے بڑے پیمانے پر تشدد کی اطلاع ملی ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (امن و امان) جاوید شمیم نے کولکتہ میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہوسکتا ہے کہ مقامی پولیس فائرنگ کے واقعے میں ملوث نہ ہو اور یہ کارروائی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے کی ہو۔ انہوں نے کہا، "یہ ابتدائی معلومات ہے جس کی ہمیں کراس چیک کرنے کی ضرورت ہے۔”تاہم شمیم نے بتایا کہ زخمی شخص کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ جمعہ کے تشدد کے بعد بنگلہ دیش کی سرحد سے متصل ضلع کے کچھ علاقوں میں بی ایس ایف کو تعینات کیا گیا تھا۔شمیم نے کہا کہ تشدد کے واقعات میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں اب تک 120 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھاپے جاری رہنے سے تعداد بڑھے گی۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جارہی افواہوں کو نظر انداز کریں اور امن برقرار رکھیں۔ NDTV India کے ان پٹ کے ساتھ