آسام پولیس نے کم عمری کی شادی کے خلاف ریاست گیر کریک ڈاؤن میں اب تک 2,044 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ریاستی حکومت نے اس بات کی تردید کی کہ یہ مہم کسی خاص کمیونٹی کو نشانہ بنانے کے لیے نہیں چلائی گئی تھی۔آسام کی 32 ملین آبادی میں سے تقریباً 34 فیصد مسلمان ہیں۔
دی ٹیلی گراف کی خبر کے مطابق، آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے جمعہ سے کم عمری کی شادی کے خلاف "ہر طرح کی جنگ چھیڑ دی ہے” اور آسام کے لوگوں کی حمایت کی کوشش کی ہے۔
آسام میں بچوں کی شادیوں کی یہ گرفتاریاں اپنے طور پر درج ایف آئی آر کی بنیاد پر ہو رہی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گائوں کے بزرگوں سے پوچھ کر اس کا ڈیٹا بنایا اور اسی کے تحت گرفتاریاں کی جارہی ہیں۔ اب یہ الگ بات ہے کہ کم عمری کی شادیوں کے خلاف زیادہ تر کارروائی مسلم اکثریتی علاقوں اور قبائلی علاقوں میں ہو رہی ہے۔ بھارت میں شادی کی قانونی عمر خواتین کے لیے 18 سال اور مردوں کے لیے 21 سال ہے۔آسام کے ڈی جی پی جی پی۔ سنگھ نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں میں بچپن کی شادی سے متعلق 4,074 ایف آئی آر درج کی گئیں اور جمعہ کی سہ پہر 3 بجے تک 2,044 لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ہونے والوں میں 52 مولوی یا قاضی بھی شامل ہیں جنہوں نے کم عمر لڑکیوں کی شادیاں کر رکھی تھیں۔ نئے ڈی جی پی نے منگل کو اپنا عہدہ سنبھال لیا۔ نئے ڈی جی پی جی پی سنگھ نے کہا کہ ہم نے جمعرات کی رات سے ہی کارروائی شروع کر دی تھی۔ زیادہ تر گرفتاریاں وشوناتھ، بکسا، بارپیٹا، دھوبری، ہوجائی اور کوکراجھار اضلاع میں کی گئی ہیں۔
دی ٹیلی گراف کے مطابق دھوبری، ہوجائی اور بارپیٹا میں مسلمانوں کی اکثریت ہے، جب کہ باکسا قبائلی ضلع میں بھی سب سے زیادہ اقلیتی آبادی ہے۔ اسی طرح وشوناتھ میں مسلم اور قبائلی آبادی زیادہ ہے۔ وہاں بھی ایکشن لیا گیا ہے۔
سرما نے جمعرات کی شام کہا تھا کہ پولیس آپریشن کا مقصد کسی کمیونٹی کو نشانہ بنانا نہیں تھا اور دعویٰ کیا کہ اس مہم کو اقلیتی برادریوں اور باقی عوام کی حمایت حاصل ہے۔ سی ایم نے کہا – ہم بارپیٹا ضلع میں کم از کم 9 یا 10 بچوں کی شادیوں کو روکنے میں کامیاب رہے۔ سرما نے کہا کہ اقلیتی برادری کے لوگ ہماری مدد کر رہے ہیں۔