جے پور :(ایجنسی)
راجستھان کے پالی ضلع کی تحصیل بالی کے باروا گاؤں میں رہنے والے کووڈ ہیلتھ اسسٹنٹ جتیندر پال میگھوال کا گزشتہ منگل کو قتل کر دیا گیا۔ جتیندر پال کے اہل خانہ کے الزامات کے مطابق جتیندر میگھوال کو دلت ہوتے ہوئے گڈ لکنگ (اچھا نظر آنا) شخصیت کو برقرار رکھنے پر قتل کیا گیا۔ لیکن پولیس نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔ اس معاملے کا انکشاف کرتے ہوئے، پولیس نے جمعرات کو سورج سنگھ اور قتل کے ملزم رمیش سنگھ کو باڑمیر ضلع کے پچ پدرا کے ددو گاؤں سے گرفتار کیا ہے۔
قتل کی وجہ پرانی دشمنی تھی:پولیس
قتل کے بعد جتیندر پال کے اہل خانہ دھرنے پر بیٹھ گئے۔ پولیس انتظامیہ کو سمجھانے کے بعد یہ لوگ جمعہ 17 جنوری کو پوسٹ مارٹم کے لیے راضی ہو گئے۔ انتظامیہ نے مقتول کے بھائی کو سرکاری نوکری دینے، متاثرہ خاندان کو 50 لاکھ معاوضہ دینے اور باروا گاؤں میں مستقل چوکی کا مطالبہ وزیراعلیٰ تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
بالی کے ایم ایل اے پشپیندر سنگھ راناوت اور مارواڑ جنکشن کے ایم ایل اے خوشویر سنگھ نے اس قتل کو لے کر اسمبلی میں یہ معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے ملزمان کو جلد گرفتار کرنے، متاثرہ خاندان کی مالی امداد اور خاندان کے فرد کو سرکاری ملازمت دینے کی بات کی تھی۔ جس کے بعد پولیس نے کیس کی تفتیش میں مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
جب کہ اہل خانہ کا الزام ہے کہمتقول جتیندر پال کا قتل لمبی مونچھ اور اچھے لباس کی وجہ سے ہوا ہے، پولیس نے اسے پرانی دشمنی کا معاملہ قرار دیتے ہوئے ان الزامات کو جھوٹا قرار دیا ہے۔
پولیس میں درج کیس کے مطابق، مقتولجتیندر پال اپنے دوست کووڈ ہیلتھ اسسٹنٹ ہریش کمار کے ساتھ منگل کو بالی سے بروا جا رہا تھا۔ جیتندرپال بائک پر پیچھے بیٹھا تھا۔ بالی سے دو کلومیٹر دور پیچھے سے بائک پر آئے دو نوجوانوں نے انہیں رکنے کے لیے کہا۔ جیسے ہی ہریش نے بائک کی رفتار کم کی، پیچھے سے آنے والے نوجوان نے جتیندر پال کی پیٹھ پر چھرا گھونپ دیا۔ وہ زخمی ہو کر موٹر سائیکل سے نیچے گر گیا۔ اس کے بعد نوجوان نے چاقو سے اس کے پیٹ اور سینے میں چار وار کئے۔ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی اس کی موت ہو گئی۔