دیوبند: سمیر چودھری۔
عالمی شہرت یافتہ دینی دانش گاہ دارالعلوم دیوبند کی جانب سے واضح کیاگیاہے کہ ادارہ کا سوشل میڈیا پر کوئی بھی آفیشیل اکاونٹ نہیں ہے ،مگر کچھ لوگ دارالعلوم دیوبند کے نام سے جعلی اکاونٹس بناکر ان سے پوسٹ کررہے ہیں،جنہیں دارالعلوم دیوبند کے پیغام کے طورپردیکھا جاتاہے، اسلئے ادارہ کی جانب سے یہ واضح کیا جاتا ہے کہ سوشل میڈیا کے کسی بھی پلیٹ فارم پر دارالعلوم دیوبند کے نام سے کوئی اکاونٹ یا پیج ملے، تو اسے دارالعلوم دیوبند کا تصور نہ کیا جائے۔واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر دارالعلوم دیوبند سے منسوب کرکے کچھ جعلی اکاونٹس بناکر اس سے مختلف قسم کے پیغامات عام کئے جارہے ہیںجس سے ادارہ کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچ رہاہے۔ اس سلسلہ میں آج ادارہ کے مہتمم و شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے جاری اعلان میں کہاکہ مختلف ذرائع سے یہ بات سامنے آرہی ہے کہ دارالعلوم دیوبند کے نام سے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارم پر متعدد اکاونٹ چلائے جا رہے ہیں، اس لیے واضح کیا جاتا ہے کہ دارالعلوم دیوبند کا سوشل میڈیا پر کوئی بھی آفیشل اکاونٹ نہیں ہے۔ دارالعلوم دیوبند سے متعلق تمام تر مستند خبریں، اعلانات اور معلومات صرف اور صرف دارالعلوم دیوبند کی آفیشیل ویب سائٹ
(www.darululoom-deoband.com)
پر ہی فراہم کی جاتی ہیں۔ اگر سوشل میڈیا کے کسی بھی پلیٹ فارم پر دارالعلوم کے نام سے کوئی اکاونٹ یا پیج (صفحہ) ملے، تو اسے ادارہ کا تصور نہ کیا جائے۔لہٰذا گزارش ہے کہ دارالعلوم دیوبند کا نام استعمال کرکے سوشل میڈیا اکاونٹس نہ بنائیں۔ یہ عمل نہ صرف غلط فہمی اور انتشار کا باعث بنتا ہے بلکہ دارالعلوم دیوبند کے اصولوں اور ساکھ کے بھی خلاف ہے۔ چناں چہ، جن حضرات نے دارالعلوم دیوبند کے نام سے کوئی اکاونٹ یا پیج بنایا ہو، ان سے اپیل ہے کہ وہ ادارے کے نام سے جعلی اکاونٹس ختم کر دیں اور دارالعلوم دیوبند کی عزت و وقار کا احترام کریں