نئی دہلی :
دہلی سمیت پورے ملک میں ایک بار پھر سے کورونا انفیکشن تیزی سے پھیلنے لگا ہے۔ گزشتہ روز دارالحکومت دہلی میں ایک ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے۔ دریں اثنا کیجریوال حکومت نے کہا کہ دہلی میں مال ، سنیما ہال ، میٹرو اور مذہبی مقامات پر کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ حکومت نے تمام ڈی ایم کو ہدایت دی ہے کہ وہ سپر اسپریڈوالے ان مقامات کے باہر سخت نگرانی بڑھائے۔
اس کے علاوہ ڈی ڈی ایم اے نے دہلی کی لگاتار بگڑتی حالت کے پیش نظر ایک حکم جاری کیا تھا۔ اس حکم کے مطابق عوامی مقامات پر ہولی ، شب برأت اور نوراتری نہیں منائی جائیں گی۔ اسی کے ساتھ ہی ہوائی اڈوں ، ریلوے اسٹیشنوں اور بس اڈوں پراب مسافروں کی رینڈم کورونا ٹیسٹنگ کی جائے گی۔ آپ کو بتادیں کہ دہلی میں 93 دنوں کے بعد منگل کو رونا کے ایک ہزار سے زیادہ نئے متاثرہ مریض ملے ہیں۔ دہلی میں اب متاثرہ مریضوں کی تعداد بھی بڑھ کر 4411 ہوگئی ہے۔ وہیں منگل کو 620 مریضوں کو چھٹی دی گئی ،جبکہ چار مریضوں نے کورونا کی وجہ سے دم توڑ دیا۔