ابو ظہبی:(ایجنسی)
بابر اعظم کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی موجودہ ٹی-20 عالمی کپ میں شاندار رہی ہے۔ ٹیم ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں بھی پہنچ گئی ہے۔ منگل کو ٹیم نے نامیبیا کو 45 رن سے شکست دی۔ یہ ٹیم کی مسلسل چوتھی جیت ہے، لیکن بابر اعظم اس کے بعد بھی ٹیم سے خوش نہیں ہیں۔ نامیبیا کے خلاف ٹیم کی فیلڈنگ اچھی نہیں رہی تھی۔ اس سے کپتان بابراعظم ناراض نظر آئے۔ ٹیم آخری مقابلے میں 7 نومبر کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ کھیلے گی۔
بابر اعظم نے میچ کے بعد کہا، ’شبنم کی وجہ سے فیلڈنگ میں کچھ پریشانی آرہی تھی، لیکن یہ کوئی بہانہ ہے۔ ہمیں بہتر کرنا ہوگا۔ حالانکہ بلے باز اور گیند باز دونوں نے پلان کے مطابق کھیل دکھایا‘۔ سینئر بلے باز محمد حفیظ اور تیز گیند باز حسن علی پہلے تین میچوں میں کچھ خاص کارکردگی نہیں پیش کرسکے تھے، لیکن دونوں نے نامیبیا کے خلاف اچھا کھیل دکھایا۔ اس پر بابر اعظم نے کہا کہ دونوں کھلاڑی ٹیم کے لئے اہم ہیں۔ امید ہے کہ وہ آنے والے میچوں میں بھی اس کارکردگی کو برقرار رکھیں گے۔
میچ میں بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس پر انہوں نے کہا کہ ہم میچ میں دوسرے پلان کے ساتھ اترے تھے۔ ہم اچھی شروعات کرنا چاہتے تھے اور میچ میں ویسا ہی ہوا۔ آخر میں دوسرے بلے بازوں نے تیز رن بنائے۔ سیمی فائنل کو لے کر انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اس کھیل کو برقرار رکھنا چاہیں گے۔ پاکستان کی ٹیم نے صرف ایک بار 2009 میں ٹی-20 عالمی کپ کا خطاب جیتا تھا۔ اس بار بھی ٹیم دعویدار مانی جارہی ہے۔ ٹیم ریکارڈ پانچویں بار سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔