نئی دہلی : (ایجنسی)
اترپردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل ریاست میں ووٹر لسٹ میں نام درج کرانے کی مہم شروع ہونے جارہی ہے۔ یہ مہم یکم نومبر سے شروع ہوگی جس کے تحت بی ایل او گھر گھر جا کر ووٹر لسٹ کی تصدیق کریں گے۔ اس کے علاوہ ووٹر لسٹ میں کسی قسم کی خرابی یا غلطی کو بھی درست کیا جا سکتا ہے۔
چیف الیکٹورل آفیسر اجے کمار شکلا نے ایک ہندی اخبار کو بتایاکہ1 سے 30 نومبر کے درمیان اعتراض اور دعویٰ کیا جا سکتا ہے۔ ایسے میں اگر آپ کے گھر میں کوئی نوجوان ہے اور اس کا نام ووٹر لسٹ میں نہیں ہے یا وہ یکم جنوری کو 18 سال کا ہو رہا ہے تو یہ ایک اچھا موقع ہے۔ آپ ضروری دستاویزات کی مدد سے ان کا نام ووٹر لسٹ میں شامل کر سکتے ہیں۔
ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر کے مطابق اگر یکم جنوری2022 کو، آپ کی عمر یا آپ کے گھر کا کوئی نیا نوجوان ممبر 18 سال یا اس سے زیادہ کا ہو رہا ہے، تو آپ نئے ووٹر کے طور پر اندراج کر سکتے ہیں۔ یہی نہیںاگر آپ کا پتہ تبدیل ہوا ہے یا آپ نے حال ہی میں مکان تبدیل کیا ہو یا اگرلسٹ میں گڑبڑ ہو تب اسے درست کرایا جا سکتا ہے ۔
ساتھ ہی اگر ووٹر لسٹ میں تصویر غلط ہے یا اس سے متعلق تفصیلات غلط ہیں تو اسے بھی درست کیا جا سکتا ہے۔ یہ تمام کام یکم نومبر سے 30 نومبر کے درمیان کیے جاسکتے ہیں۔ آپ اس سلسلے میں ووٹر ہیلپ لائن؍ موبائل ایپ، voterportal.eci.gov.in ، nvsp.in ، 1950 ووٹر ہیلپ لائن اور ووٹر ہیلپ سینٹر کے ذریعے مدد حاصل کر سکتے ہیں۔
اس مہم کو دہلی میں ’ووٹر اتسو‘ کے طور پر منایا جائے گا: دہلی کے ووٹر لسٹ میں خصوصی ترمیم کے دوران ایک نومبر سے ووٹروں کے نام درج کرنے کے لیے بیداری مہم کی تشہیر کے لیے شہر میں بسوں پر پوسٹر لگائے جائیں گے اور سوشل میڈیا پر مہم چلائی جائے گی۔ انتخابی حکام نے اسے ووٹروںکےلیے ایک مہینے تک چلنے والے اتسو کےطور پر منانے کی اسکیم بنائی ہے ۔
اس مشق کے دوران کوئی بھی شخص جس کی عمر یکم جنوری 2022 کو 18 سال ہو رہی ہو یا اس سے زیادہ ہو تو وہ ووٹر کے طور پر میں اپنا نام درج کرانے کےاہل ہو ںگے ۔ حتمی لسٹ پانچ جنوری کو شائع ہوگی۔ دہلی چیف الیکٹورل آفیسر ( سی ای او ) دفتر اس عمل کو آسانی سے چلانے اور کسی بھی ووٹرکا نام نہ چھوٹ پائے ، اسے یقینی کرنے کی تیاری میں لگا ہے ۔








