نئی دہلی :
ملک کے دارالحکومت دہلی میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے بڑھتے ہوئے کیس کے پیش نظر درگاہ حضرت نظام الدین اولیا انتظامیہ نے درگاہ کو 30 اپریل تک زائرینوں کے لئے بند کردیا ہے۔ اس عرصے کے دوران زائرین درگاہ پر نہ تو چادر پوشی کرسکیں گے اور نا ہی مزار کے اندر داخل ہوسکیں گے۔
حضرت نظام الدین درگاہ کمیٹی کے جنرل سکریٹری کاشف نظامی نے نیوز ایجنسی آئی اے این ایس کو بتایا کہ دہلی میں کورونا کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ حکومت کی طرف سے انفیکشن کی روک تھام کے لئے مختلف پابندیاں لگائی جارہی ہیں۔ اس میں ویک اینڈ کرفیو بھی شامل ہے۔ درگاہ پر پورے ملک سے لوگ آتے ہیں ، لہٰذا انفیکشن کا خطرہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انفیکشن سے بچنے کے لئے احتیاط ضروری ہے۔ لوگوں کو ماسک پہننے کے ساتھ ساتھسماجی دوری پر عمل کرنا چاہئے۔ عوام کی حفاظت کی وجہ سے درگاہ 30 اپریل تک بند کردیا گیاہے۔ درگاہ میں لوگوں کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ اگر 30 اپریل کے بعد بھی یہ صورتحال برقرار رہی تو درگاہ مزید بند رکھا جائے گا۔
دراصل دہلی میں کورونا نے اب تک کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔ دہلی میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 19,486 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ 141 افراد ہلاک ہوئے ، یہ تعداد اب تک کا سب سے بڑا ہے۔