پرتاپ گڑھ/دہلی: راجہ بھیا کو اتر پردیش کے پرتاپ گڑھ میں ڈی ایس پی ضیاءالحق کے قتل کیس میں سپریم کورٹ سے جھٹکا لگا ہے۔ سپریم کورٹ نے الہ آباد ہائی کورٹ کے اس حکم کو مسترد کر دیا ہے جس میں انہوں نے راجہ بھیا سمیت چار لوگوں کے خلاف سی بی آئی کی بندش کی رپورٹ کو مسترد کرنے کے حکم پر روک لگا دی تھی۔ سپریم کورٹ نے ضیاءالحق کی اہلیہ پروین آزاد کی عرضی پر فیصلہ سناتے ہوئے سی بی آئی کو راجہ بھیا کے کردار کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
نیوز۱۸کی خبر کےمطابق جسٹس انیرودھا بوس اور جسٹس بیلا مادھوریہ ترویدی کی بنچ نے ڈی ایس پی کی اہلیہ پروین آزاد کی عرضی پر اپنا فیصلہ سنایا۔ سپریم کورٹ نے اس معاملے میں ایس ڈی ایم کی رپورٹ کو تسلیم کرتے ہوئے سی بی آئی کو حکم دیا کہ وہ معاملے کی دوبارہ جانچ کرے اور تین ماہ کے اندر رپورٹ داخل کرے۔ قابل ذکر ہے کہ ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کے حکم پر روک لگا دی تھی۔