پٹنہ۔ بہار میں بدعنوانی کے خلاف ای ڈی کی کارروائی جاری ہے۔ اسی سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے راشٹریہ جنتا دل کے لیڈر سبھاش یادو کو گرفتار کیا ہے اور کہا جاتا ہے کہ وہ لالو پرساد یادو کے بہت قریب ہیں۔ دراصل، ہفتہ کو ای ڈی کی ٹیم نے سبھاش یادو سے متعلق کاروبار کو لے کر پٹنہ کے آٹھ مختلف مقامات پر چھاپے مارے تھے۔
اس دوران ای ڈی کی ٹیم نے دو کروڑ روپے نقد اور سرمایہ کاری اور زمین سے متعلق کئی اہم دستاویزات اور کاغذات بھی برآمد کیے تھے۔ معلومات کے مطابق، اس کارروائی کے دوران انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے سبھاش یادو کو گرفتار کیا تھا۔ سبھاش یادو کو ہفتہ کی رات دیر گئے پٹنہ کی ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا، جس کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا گیا۔ انہیں عدالت میں پیش کرنے کے بعد پیر کو پٹنہ کی بیور جیل منتقل کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ دعوی کیا گیا ہے سبھاش یادو کو لالو پرساد کا بہت قریبی لیڈر مانا جاتا ہے اور بہار میں انہیں بالو کنگ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ ای ڈی سے جڑے ذرائع کے مطابق پیر کو ای ڈی کی ٹیم ریمانڈ کو لے کر پٹنہ میں ای ڈی کی خصوصی عدالت میں اپیل کرے گی اور سبھاش یادو کو ریمانڈ پر لینے کا مطالبہ کرے گی۔ ای ڈی سبھاش کو عدالتی تحویل سے اپنی تحویل میں لینے کی اپیل کرے گا۔ اس کے بعد تفتیشی ایجنسی سبھاش یادو کو اپنی تحویل میں لے گی اور اس سے جڑے کئی معاملات پر تفصیل سے پوچھ گچھ کرے گی۔ آنے والے دنوں میں اس گرفتاری کے بعد سبھاش یادو سے جڑے معاملے اور کئی سیاسی شخصیات سے ان کے روابط کا انکشاف بھی ہو سکتا ہے۔