گجرات پولیس نے خود کو گجرات کے چیف منسٹر آفس (سی ایم او) کا اہلکار اور گجرات انٹرنیشنل فنانس ٹیک سٹی (گفٹ سٹی) کا چیئرمین بتانے والےکو ایک ماڈل کے مبینہ طور پر ریپ کرنے اور ملازمت دینے کے الزام میں گرفتار کیا ۔
اے این آئی نیوز کے مطابق ملزم ٹھگ ویراج پٹیل کو اتوار کو گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ اس شخص کی اصل شناخت اس وقت سامنے آئی جب اسے کسی کے ساتھ جھگڑے کے بعد وڈودرا پولیس اسٹیشن لایا گیا۔
ستیہ ہندی کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ جمعہ کی رات اس شخص کو ماڈل کے ساتھ پولیس اسٹیشن لایا گیا جب اس کی ملٹی پلیکس میں کسی سے لڑائی ہوئی تھی۔ ملزم نے ابتدائی طور پر پولیس کو بتایا کہ وہ سی ایم او میں افسر ہے، جو خاتون کے ساتھ فلم دیکھنے آیا تھا۔ اس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ گفٹ سٹی کےا صدر ہے۔جب پولیس نے اس کی شناخت کی جانچ کی تو پتہ چلا کہ اس نے پین کارڈ پر ایک مختلف کنیت استعمال کی تھی، جبکہ اس کے آدھار کارڈ پر کوئی کنیت نہیں تھی۔ جب اس سے سختی سے پوچھ گچھ کی گئی تو پٹیل نے انکشاف کیا کہ وہ نہ تو سی ایم او میں کام کر رہا ہے اور نہ ہی گفٹ سٹی کا چیئرمین ہے۔
پولیس افسر نے بتایا کہ اس کی اصل شناخت کے سامنے آنے کے بعد، اس کے ساتھ آنے والی ممبئی سے تعلق رکھنے والی ماڈل نے دعویٰ کیا کہ اس نے اسے گفٹ سٹی کی برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر نوکری دینے کے بہانے اس کے ساتھ زیادتی کی اور اس سے شادی کرنے کا وعدہ کیا۔
اے سی پی نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ وہ گاندھی نگر کا رہنے والا ہے۔ کیس کی مزید تفتیش سٹی کرائم برانچ کے حوالے کر دی گئی ہے۔
پولیس افسر نے بتایا کہ ملزم کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 170 (کسی خاص عہدے پر فائز ہونے کا بہانہ)، 417 (دھوکہ دہی)، 467 (جعل سازی) اور 376 (ریپ) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ۔