نئی دہلی :
دہلی ہائی کورٹ کے ججوں ، جوڈیشل افسران اور ان کے اہل خانہ کے لیے کووڈ اسپتال کی شکل میں راجدھانی واقع فائیو اسٹار ہوٹل اشوکا کے 100 کمرے بک کردئے گئے ہیں۔ ہوٹل میں علاج کی سہولیات کا انتظام چانکیہ پوری واقع پرائمس اسپتال کرے گا۔
دہلی حکومت نے اس بابت ایک حکم جاری کیا ہے۔ دراصل ہائی کورٹ نے اس کے لئے دہلی حکومت سے رجوع کیا تھا۔ یہ حکم اتوار کے روز چانکیہ پوری کی ایس ڈی ایم گیتا گروور نے دیاتھا ۔ حکم میں ایس ڈی ایم نے بتایا کہ ہائی کورٹ نے استدعا کی تھی کہ معزز ججوں، افسران اور اہل خانہ کے لئے کووڈ ہیلتھ کیئر کی سہولت کا بندوبست کیا جائے ، لہٰذا عوامی مفاد کو دھیان میں رکھتے ہوئے اشوکا ہوٹل کے 100 کمروں کا انتظامات کیا جاتا ہے۔ ‘دی انڈین ایکسپریس نے اس بارے میں ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل منوج جین سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے نہ تو فون اٹھایا اور نہ ہی اس پیغام کا جواب دیا۔
بہرحال ایس ڈی ایم گروور نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے مذکورہ حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹل میں کووڈ کے علاج کی سہولیات کا انتظام کرنے میں ایک ہفتہ لگے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سہولت ججوں ، عملہ اور اہل خانہ کے لئے ہوگی۔