سپریم کورٹ نے بدھ کے روز گیانواپی انجمن انتظامیہ کمیٹی کی درخواست پر دوبارہ سماعت کرنے کی اجازت دے دی، جسے 24 جولائی کو غیر رسمی طور پر نمٹا دیا گیا تھا۔ جسٹس جے بی پارڈی والا اور جسٹس منوج مشرا کے ساتھ سی جے آئی ڈی وائی چندرچوڑ کی ڈویژن بنچ نے بدھ کو یہ فیصلہ لیا۔ وارانسی میں گیانواپی مسجد کے انتظام کی نگرانی کرنے والی اس کمیٹی کی جانب سے پیش ہوئے وکیل حذیفہ احمدی نے بدھ کو عدالت کے سامنے دلیل دی۔ انہوں نے کہا کہ 24 جولائی کو سماعت کے دوران عدالت نے اے ایس آئی کے سروے پر روک لگانے کی عبوری درخواست کے بجائے مرکزی درخواست کو نمٹا دیا تھا۔
اس عرضی پر، سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے جواتر پردیش حکومت اور اے ایس آئی کی طرف سے پیش ہوئے، کہا کہ انہیں خصوصی اجازت کی درخواست کو بحال کرنے والی کمیٹی کی عرضی پر کوئی اعتراض نہیں ہے
سپریم کورٹ میں داخل کی گئی اپنی اہم درخواست میں کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ وارانسی ڈسٹرکٹ کورٹ میں ہندو فریق کی طرف سے دائر مقدمہ کو خارج کیا جائے۔
اس معاملے میں، ہندو فریق کی طرف سے اے ایس آئی کے ذریعہ گیانواپی مسجد کمپلیکس کا سروے کرانے کا مطالبہ کیا گیا تھا، جسے وارانسی کی عدالت نے 21 جولائی کو منظور کر لیا تھا۔








