نئی دہلی:سپریم کورٹ نے اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں تجاوزات ہٹانے کے معاملے میں نینی تال ہائی کورٹ کے حکم پر روک لگا دی ہے۔ اس کا سیدھا مطلب ہے کہ تجاوزات ہٹانے کی کارروائی اب نہیں ہوگی۔ سپریم کورٹ نے اس معاملے میں ریاستی حکومت اور ریلوے کو نوٹس جاری کیا ہے۔
سپریم کورٹ کے جسٹس ایس کے کول اور جسٹس اے ایس اوکا کی بنچ نے اس معاملے میں دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ اب اس معاملے کی اگلی سماعت 7 فروری کو ہوگی۔ سپریم کورٹ کے حکم سے بنبھول پورہ کے لوگوں کو یقینی طور پر فوری راحت ملی ہے۔
سپریم کورٹ نے ریلوے اور اتراکھنڈ حکومت سے کہا ہے کہ یہ ایک انسانی مسئلہ ہے، اس لیے اس معاملے کا کوئی عملی حل تلاش کریں۔
سماعت کے دوران کس نے کیا کہا
*عرضی گزاروں کی طرف سے پیش ہوئے سینئر وکیل کولن گونسالویس نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو عدالت کے سامنے رکھا اور کہا کہ یہ زمین ریاستی حکومت کی ہے۔ بنچ کی جانب سے یہ پوچھے جانے پر کہ کیا اس معاملے میں حد بندی کی گئی ہے، ایڈیشنل سالیسٹر جنرل (اے ایس جی) ایشوریہ بھٹی نے کہا کہ ہاں حد بندی کی گئی ہے، ریلوے اسٹیشن کی توسیع کے لیے جگہ نہیں ہے اور 4000 سے زیادہ غیر مجاز لوگوں کا قبضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کے حکم پر کوئی اسٹے نہیں ہے۔
*جسٹس اوکا نے کہا کہ لوگ وہاں 50 سال اور اس سے زیادہ عرصے سے رہ رہے ہیں۔
*اے ایس جی ایشوریہ بھاٹی نے کہا کہ اس معاملے میں ریاستی حکومت اور ریلوے کا موقف ہے کہ یہ زمین ریلوے کی ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں پبلک پریمیسس ایکٹ کے تحت بے دخلی سے متعلق کئی احکامات بھی عدالت کے سامنے رکھے۔
*سینئر ایڈوکیٹ پرشانت بھوشن نے عرضی گزاروں کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے کہا کہ یہ تمام احکامات سابقہ تھے اور کورونا کی مدت کے دوران دیئے گئے
*اے ایس جی ایشوریہ بھٹی نے کہا کہ ریلوے کو اپنی سہولیات کو بڑھانے کے لیے زمین کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہلدوانی اتراکھنڈ کی ریل ٹریفک کے لیے ایک گیٹ وے کی طرح ہے۔
*جسٹس کول نے کہا کہ اس میں مسئلہ یہ ہے کہ لوگوں نے نیلامی میں زمین خریدی ہے اور انہیں 1947 کے بعد قبضہ ملا ہے۔ یہاں لوگ 60-70 سال سے رہ رہے ہیں، اس لیے بحالی کا کام ہونا چاہیے۔
*اے ایس جی بھاٹی نے کہا کہ لوگ دعویٰ کرتے ہیں کہ یہ ان کی زمین ہے اور وہ کسی قسم کی بحالی کا مطالبہ نہیں کر رہے ہیں۔
*جسٹس اوکا نے کہا کہ ان لوگوں کو سننا چاہیے۔ جسٹس کول نے کہا کہ ہر کسی کو ایک طرح سے نہیں دیکھا جا سکتا، کچھ لوگ ایسے ہیں جن کے لیے انسانی پہلو پر غور کرنے کی ضرورت ہے اور ان کے دستاویزات کو دیکھنا چاہیے۔
ہلدوانی میں مکانات کے علاوہ چار سرکاری اسکول، 11 نجی اسکول، ایک بینک، دو اوور ہیڈ واٹر ٹینک، 10 مساجد اور چار مندر ہیں۔ اس کے علاوہ دہائیوں پہلے بنی ہوئی دکانیں بھی ہیں۔