اکثر افراد تھکن، کسی مرض یا پریشانی سے جان چھڑانے یا پھر نیند نہ آنے کے عارضے میں سونے کے لیے نیند کی گولیاں کھانے پر مجبور ہوتے ہیں، تاہم ایک پھل ایسا ہے جو ایسے افراد کے لیے نیند کی گولی کا بہترین متبادل بن سکتا ہے۔سری لائیو ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ مختلف طرح کے طبی یا ذہنی مسائل کی وجہ سے کسی بھی عمر کے افراد سونے کے لیے نیند کی گولی کھانے کے محتاج ہوتے ہیں، تاہم ایک ماہر ڈاکٹر مائیکل بریس نے اس کا ایک بہترین متبادل بتا دیا ہے۔ڈاکٹر مائیکل بریس جنہیں عام طور پر نیند کا ڈاکٹر کے نام سے شہرت ملی ہے، نے بتایا ہے کہ ایک ایسا پھل ہے جو نیند کے لیے جادو جیسا کام کرتا ہے۔انہوں نے اپنی تحقیق کے نتیجے میں بتایا کہ کیلا ایک ایسا پھل ہے جو نیند کی گولیاں کھانے سے زیادہ بہتر اور جلدی سو جانے (نیند آنے) کا سبب بنتا ہے۔ ڈاکٹر مائیکل بریس کے مطابق عام طور پر لوگوں کا ماننا ہے کہ کیلا صبح کے وقت میں کھانے سےجسمانی توانائی دیتا ہے، تاہم اس کا رات کواستعمال بھی زبردست فوائد کا حامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چوں کہ کیلے میں میگنیشیم ہوتا ہے، اس لیے اسے ہم قدرت کی طرف سے دی گئی میٹھی نیند کی گولی کہہ سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں ڈاکٹر مائیکل بریس نے نیند اور پھلوں سے تعلق کی نسبت کچھ دیگر پھلوں کے بارے میں بھی انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیلے کے علاوہ کیوی بھی ایک ایسا پھل ہے جو نیند لانے کے لیے بہت پُراثر ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ دماغ میں سیروٹونن کا اضافہ کرتا ہے، جو کہ سکون کا ہارمون ہے۔