•مہاراشٹر میں 20 نومبر ، جھارکھنڈ میں دو مراحل میں 13 اور 20 کو ووٹنگ، 23 نومبر کو نتائج کا اعلان
نئی دہلی: الیکشن کمیشن آف انڈیا نے منگل کو مہاراشٹر اور جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا۔ مہاراشٹر میں 288 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹنگ ایک ہی مرحلے میں 20 نومبر کو ہوگی، جبکہ ووٹوں کی گنتی 23 نومبر کو ہوگی۔
وہیں، جھارکھنڈ میں دو مراحل میں انتخابات ہوں گے۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کہا، ’’جھارکھنڈ کی 81 اسمبلی سیٹوں کے لیے دو مراحل میں ووٹنگ ہوگی۔ پہلے مرحلے کے لیے 13 نومبر کو اور دوسرے مرحلے کے لیے 20 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے، جبکہ نتائج کا اعلان 23 نومبر کو کیا جائے گا۔‘‘
الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مطابق مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات کے لیے ایک لاکھ سے زائد پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ایس سی آئی دونوں ریاستوں میں شمولیت پر مبنی اور قابل رسائی انتخابات کے ذریعے ووٹنگ کے ایک ہموار تجربے کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
راجیو کمار نے کہا کہ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں 9.63 کروڑ ووٹر ووٹ ڈالیں گے، جن میں 4.97 کروڑ مرد ووٹر ہیں، جبکہ 4.66 کروڑ خواتین ووٹر ہیں۔ اس کے علاوہ 1.85 کروڑ نوجوان ووٹروں کی عمر 20 سے 29 سال کے درمیان ہے۔ اس کے ساتھ ہی 20.93 لاکھ ووٹر پہلی بار ووٹنگ میں حصہ لیں گے۔ 12.43 لاکھ ووٹرز کی عمر 85 سال سے زیادہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی ٹرانس جینڈر ووٹرز کی تعداد 6031 ہے۔
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کہا، "جھارکھنڈ میں ووٹروں کی کل تعداد 2.6 کروڑ ہے، جس میں 1.31 کروڑ مرد اور 1.29 کروڑ خواتین ووٹر ہیں۔ پہلی بار ووٹ دینے والوں کی تعداد 11.84 لاکھ ہے۔ جھارکھنڈ میں اس بار 29562 پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے۔
اس کے ساتھ ہی چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے ضمنی انتخابات کی تاریخوں کا بھی اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ 15 ریاستوں میں 48 اسمبلی سیٹوں اور دو پارلیمانی سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہونے ہیں۔