اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے گھر پر لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ کے ڈرون حملے سے متعلق بڑا انکشاف سامنے آگیا۔اسرائیلی اخبار نے اعتراف کیا ہے کہ ہفتے کے روز حزب اللّٰہ نے وزیراعظم کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا تھا کہ ڈرون نیتن یاہو کے بیڈروم کی کھڑکی پر جا کر لگا تھا۔
حزب اللّٰہ کے حملے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے گھر کی تصویر بھی سامنے آگئی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ان کے بیڈروم کی کھڑکی کے شیشے بھی متاثر نظر آرہے ہیں
اسرائیلی میڈیا نے ایک سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ قیصریہ میں حملہ کرنے والے ڈرون نے وزیراعظم کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا اور اس سے گھر کو شدید نقصان پہنچا تھا۔
دوسری جانب لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے گھر پر ڈرون حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
حزب اللّٰہ میڈیا آفس کے سربراہ محمد عفیف نے کہا کہ ہفتے کے روز تین ڈرون اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے قیصریہ میں واقع گھر پر مارے گئے، گھر پر موجود نہ ہونے کے باعث نیتن یاہو حملے میں بچ گئے
ترجمان حزب اللہ محمد عفیف نے اس بات کا اعلان بیروت کے مضافات میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا ہے۔ خیال رہے اسرائیلی فوج کے لبنانی عوام کو علاقے سے نقل مکانی کے احکامات جاری کیے جانے کے بعد پریس کانفرنس جلد ہی ختم کر دی گئی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے صحافی کی بنائی گئی ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسرائیلی فوج نے اس جگہ سے چند سو میٹر کے فاصلے پر جہاں حزب اللہ ترجمان کی پریس کانفرنس جاری تھی، صحافیوں کے اس جگہ سے جانے کے چند منٹ بعد ہی بمباری کی ہے۔
حزب اللہ کے ترجمان محمد عفیف نے کہا ‘حزب اللہ نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر ہونے والے حملے کی مکمل ذمہ داری کا اعلان کرتی ہے۔ ‘اسرائیلی فوج کے زیرحراست جنگجووں سے متعلق سوال پر عفیف نے کہا ‘میں جانتا ہوں کہ ہمارا دشمن جنگی قوانین ، اخلاقیات اور بین الاقوامی کنونشز کو نہیں مانتا ہے۔ لیکن اس پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قیدی بنائے جانے والوں کی زندگیوں کا تحفظ یقینی بنائے۔
خیال رہے اسرائیل نے اس سے پہلے کہا تھا کہ لبنان میں جاری زمینی حملوں کے دوران حزب اللہ کے چار جنگجوؤں کو قید میں لے چکا ہے۔ جبکہ اسرائیلی فوج کی طرف سے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی تھی جس میں دکھایا گیا ہے کہ اسرائیلی قید میں موجود شخص سوالوں کے جواب دے رہا ہے۔