تحریر:ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی
سوشل میڈیا پر کتابوں کا تعارف ہوتا رہتا ہے اور لوگ اپنے ذوق کے اعتبار سے انہیں لائک اور شیئر کرتے رہتے ہیں _ میں بھی عموماً اسلامیات اور کبھی کبھی دیگر موضوعات کی کتابیں شیئر کردیتا ہوں _ چند دنوں قبل پاکستان کے ایک مصنف ڈاکٹر محمد اسلام کی کتاب ’تحقیق اور اصولِ تحقیق‘ کا ٹائٹل نظر سے گزرا تو مجھے وہ کتاب اچھی لگی اور میں نے اسے شیئر کردیا _ مصنف کو اس کی خبر ہوئی تو وہ بہت زیادہ خوش ہوئے اور مجھے آسمان پر پہنچا دیا _ انھوں نے لکھا :’’ سب سے بڑی خوشی آج اس پر ہوئی کہ ہندوستان کے بہت بڑے نام ور عالمِ دین اور نامی گرامی علمی شخصیت پروفیسر ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی حفظہ اللہ نے اس کام پر میری حوصلہ افزائی کی اور اپنی فیس بک آئی ڈی سے میری پوسٹ کو شیئر بھی کردیا‘‘ وہ اتنے خوش ہوئے کہ (ہند و پاک کے درمیان ڈاک نظام موقوف ہے ، اس لیے) انھوں نے کتاب کی پی ڈی ایف مجھے بھیج دی _ یہ کتاب میری یا کسی اور کی تحسین و توصیف کی محتاج نہیں ہے ، بلکہ اپنے آپ میں اہمیت رکھتی ہے اور نوجوان محققین ، مصنّفین ، مقالہ نگاروں ، ریسرچ اسکالرس اور تحریر و تصنیف کا ذوق رکھنے والوں کے لیے ایک قیمتی گائڈ بک ہے _۔
پاکستان کے معروف محقق و مصنف ڈاکٹر حافظ محمد زبیر اسسٹنٹ پروفیسر کامساٹس یونیورسٹی لاہور نے الحکمۃ انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ کے زیرِ اہتمام جامعات کے طلبہ کے لیے مقالہ نگاری کے اصول کے عنوان سے ایک خصوصی تربیتی ورک شاپ منعقد کروائی تھی اور لیکچرس دیے تھے _ ان کو ریکارڈ کرلیا گیا تھا _ انہی کو ڈاکٹر محمد اسلام نے تحریری شکل دی ہے اور انہیں اس کتاب کی صورت میں مرتّب کیا ہے _ اطمینان کی بات یہ ہے کہ کتاب تیار ہونے کے بعد حافظ زبیر صاحب نے اس پر نظر ثانی کی ہے _۔
یہ کتاب 8 ابواب پر مشتمل ہے ، جن میں سے دو ابواب کا اضافہ مرتّب کی طرف سے ہے _ ان میں تحقیق کا معنیٰ و مفہوم ، رسمیاتِ مقالہ ، اقسامِ تحقیق ، محقق کی خصوصیات ، تحقیق سے پہلے کے مراحل ، منصوبہ بندی ، طریقۂ کار اور محققین کے لیے رہ نما ہدایات جیسے موضوعات زیرِ بحث آئے ہیں _ اصولی اور نظری گفتگو کے ساتھ مثالوں کے ذریعے بات سمجھانے کی کوشش کی گئی ہے _ خاص بات یہ کہ فاضل مرتب نے جابجا حواشی اور تعلیقات کا اضافہ کیا ہے ، جو بڑے قیمتی اور پُر از معلومات ہیں۔
ڈاکٹر محمد اسلام نے شعبۂ اسلامیات ، ملاکنڈ یونیورسٹی لُوَر دیر ، کے پی کے ، پاکستان سے ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کی ہیں _ ان کی پی ایچ ڈی کا مقالہ ’سیرتِ نبوی پر مستشرقہ Lesley Hazleton کے اعتراضات کا تحقیقی جائزہ‘ کے عنوان سے تھا _ ان دنوں وہ ادارہ تحقیقات اسلامی ، بین الاقوامی اسلامی یونی ورسٹی اسلام آباد میں پوسٹ ڈاک ریسرچ فیلو ہیں _ ان کی ایک کتاب ‘علامہ نقیب احمد رباطی : حیات و خدمات شائع ہوچکی ہے _۔
یہ کتاب ایک سال پہلے پاکستان کی مشہور ویب سائٹ ’کتاب و سنت ڈاٹ کام‘ (www.kitabosunnat.com)
پر اپ لوڈ کی گئی تھی _ اب نظر ثانی اور کچھ اضافہ کے ساتھ اسے مکتبہ قرآنیات لاہور نے شائع کیا ہے ۔ شائقین فاضل مرتب کے وہاٹس ایپ نمبر :
+92-3468006255
پر رابطہ کرسکتے ہیں _۔