لکھنؤ :(ایجنسی)
اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اتوار کو کہاکہ پاکستان اور افغانستان طالبان سے ’’ پریشان‘‘ ہیں،لیکن اگر باغی گروپ بھارت کی اور جانب بڑھتا ہے تو بھارت ایئر اسٹرائیک کے لیے تیار ہے۔ ایک سماجی نمائندہ کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے اس دوران انہوں نے اپنے سیاسی مخالفین پر بھی حملہ بولا۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ آج طالبانی جانتے ہیں کہ ہندوستان کی طرف بڑھے تو ایئراسٹرائیک تیار ہے ۔
اندرا گاندھی پرتشٹھان میں بی جے پی کے عوامی رابطہ مہم کے تحت منعقدسماجی نمائندہ سمیلن کی سیریز میں راج بھر سماج کے نمائندوں سے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اس وقت ایک ایک شخص کو بیدار کرنے کا کام کرنا ہے ، آج وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک طاقتور ہے اور کوئی دوسرا ملک ہندوستان کی طرف آنکھ اٹھاکر دیکھنے کی ہمت نہیں کرسکتا ۔ آج طالبان سے پاکستان اور افغانستان پریشان ہیں ، لیکن طالبانی جانتے ہیں کہ ہندوستان کی طرف بڑھے تو ایئراسٹرائیک تیار ہے ۔
بی جے پی صدر دفتر سے جاری بیان کے مطابق یوگی نے سہیل دیو بھارتیہ جنتا پارٹی کے سربراہ اوم پرکاش راج بھر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سوچ کنبہ کی ترقی تک محدود ہے ۔ والد وزیر بنے اور ایک بیٹا ممبر پارلیمنٹ تو دوسرا بیٹا ایم ایل سی بننا چاہتا ہے ۔ ایسے سیاسی بلیک میلروں کی دکان بند کرنی ہوگی ۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ محمد غوری اور حملہ آور غازی کے ماننے والے ووٹ بینک کے ڈر سے ہندو محافظ مہاراجا سہیل دیو کے نام سے ڈرتے ہیں ۔ ایک کو ڈر ہے کہ سہیل دیو کا میموریل بننے کا بعد لوگ غازی کو بھول جائیں گے اور عوام سیاسی بلیک میلروں کو کوڑے میں پھینک دے گی ۔ اسی ڈر سے وہ سہیل دیو کے میموریل کی بالواسطہ مخالفت کررہے تھے۔
اوم پرکاش راج بھر کا نام لئے بغیر یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ میری کابینہ میں راج بھر سماج کے دو وزرا تھے ، کابینہ کی میٹنگ میں ایک وزیر نے بہرائچ میں بننے والے مہاراجا سہیل دیو کے میموریل کی تجویز کی مخالفت کی تھی جبکہ انل راج بھر چاہتے تھے کہ عالیشان میموریل بنے ۔ آج بہرائچ میں مہاراجا سہیل دیو کا عالیشان میموریل بن رہا ہے۔








