پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں منگل کو بھی ہنگامہ جاری ہے۔ اپوزیشن نے اڈانی معاملے پر لوک سبھا سے واک آؤٹ کر دیا ۔ ایوان سے واک آؤٹ کرنے کے بعد اپوزیشن رہنما پارلیمنٹ کمپلیکس میں احتجاج کر نے لگے ۔ اس مظاہرے میں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی شامل تھیں ۔ لیکن سماج وادی پارٹی اور ترنمول کانگریس نے اس احتجاج سے خود کو الگ کر لیا ۔ اس دوران حزب اختلاف کے اراکین پارلیمنٹ کے ہاتھوں میں ‘مودی-اڈانی ایک ہیں’ اور ‘ہندوستان کو اڈانی پر احتساب کی ضرورت ہے’ جیسے نعروں والے بینر اور پلے کارڈز دکھائی دے رہے ہیں۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے کہا کہ ہم مودی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ ہم ایوان کے اندر احتجاج نہیں کر سکتے اس لیے پارلیمنٹ کمپلیکس میں احتجاج کیا ہے۔ایسے میں حکومت کے خلاف اپوزیشن بکھرتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ 25 نومبر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں مسلسل تعطل جاری ہے۔ کانگریس پارٹی کی پوری توجہ اڈانی کیس پر ہے۔ لیکن سماج وادی پارٹی سنبھل تشدد پر بحث کا مطالبہ کر رہی ہے۔