بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس نے کہا ہے کہ بھارت پہنچنے والی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے بہت سے سیاسی تبصرے ان کے ‘غیر دوستانہ رویہ’ کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔بھارتی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو انٹرویو دیتے ہوئے یونس نے کہا کہ ‘دونوں ممالک کے درمیان بے چینی سے بچنے کے لیے شیخ حسینہ کو اس وقت تک خاموش رہنا چاہیے جب تک بنگلہ دیش بھارت سے انھیں بھیجنے کی درخواست نہیں کرتا’۔
محمد یونس نے یہ انٹرویو ڈھاکہ میں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر پی ٹی آئی کو دیا۔شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد محمد یونس نے ملک کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر کا عہدہ سنبھال لیا۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش بھارت کے ساتھ مضبوط تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ لیکن بھارت کو "عوامی لیگ کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں کو اسلام پسند قرار دینے کے رجحان سے باہر آنے کی ضرورت ہے اور یہ کہ شیخ حسینہ کے بغیر ملک افغانستان بن جائے گا”۔