تہران:ایرانی فوج نے بتایا ہے کہ منگل کی شب اسرائیل پر جو سپر سونک میزائل داغے گئے تھے وہ فتح ٹو کہلاتے ہیں۔ یہ اپنے ہدف پر پہنچنے کے معاملے میں 90 فیصد کامیابی کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔
فتح ٹو میزائل کو غیر معمولی رفتار کے ساتھ ساتھ سفر کے دوران راستہ بدلنے کی صلاحیت کی بنیاد پر بھی منفرد تصور کیا جاتا ہے۔ اس کی رفتار تقریباً 10 ہزار میل فی گھنٹہ تک ہے جس کے باعث اِس کا سراغ لگانا اور پکڑنا بہت مشکل ہے۔
ایرانی وزارتِ دفاع کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ایک فتح ٹو میزائل ایک لاکھ ڈالر کا ہے۔ ایران نے صرف ایک شب کے دوران اسرائیل پر جو میزائل داغے اُن کی مجموعی مالیت 2 کروڑ ڈالر تھی۔فتح ٹو قسم کے میزائل کو پکڑ کر ناکارہ بنانے کے لیے امریکا کے ایرو تھری اور ایرو ٹو اینٹی میزائل سسٹم کے علاوہ اسرائیل کے ڈیوڈز سلنگ نامی سسٹم کا ہونا لازم ہے۔اپریل میں ایران نے اسرائیل پر حملوں کے لیے ڈرون استعمال کیے تھے۔ ڈرونز کو آسانی سے زیر کیا جاسکتا ہے۔ اسرائیل اور اتحادیوں کی مہارت دیکھتے ہوئے ایران نے ڈرونز کے بجائے اب میزائل سے کام لینے کا فیصلہ کیا ہے۔